Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی انڈینز بمقابلہ چنئی سپر کنگز، ’یہ انڈیا پاکستان میچ جیسا ہے‘

ہربھجن سنگھ ممبئی انڈینز اور چنئی سپرکنگز دونوں ٹیموں کا حصہ رہے ہیں (فوٹو: آئی اے این ایس)
پانچ بار چیمپیئن رہنے والی ’ممبئی انڈینز‘ اور چار بار فتح اپنے نام کرنے والی ’چنئی سپر کنگز‘ کے درمیان جب بھی آئی پی ایل میچ ہوتا ہے تو کرکٹ شائقین کا جوش و خروش دیدنی ہوتا ہے۔
انڈین خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق انڈیا کے سابق آف سپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ ’ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان میچ انہیں انڈیا اور پاکستان کے ٹاکرے جیسا محسوس ہوتا ہے۔‘
واضح رہے کہ ہربھجن سنگھ آئی پی ایل کیریئر کے دوران دونوں ٹیموں کا حصہ رہے ہیں۔
ہربھجن سنگھ نے سٹار سپورٹس پر لائیو شو میں کہا کہ ’جب میں نے ممبئی انڈینز کے ڈریسنگ روم میں بیٹھنے کے بعد پہلی بار چنئی سپر کنگز کی جرسی پہنی تو مجھے بہت عجیب لگا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میرے لیے دونوں ٹیمیں بہت خاص رہی ہیں۔ آئی پی ایل کی ان دو بڑی ٹیموں کے درمیان مقابلے کے معیار کی وجہ سے انڈیا پاکستان ٹاکرے کا احساس ہوتا ہے۔‘
ہربھجن سنگھ نے مزید بتایا کہ ’جب میں ممبئی انڈینز کے خلاف میدان میں اترا تو میں دعا کر رہا تھا کہ میچ جلد ختم ہوجائے کیونکہ اس کھیل میں جذبات اور بہت زیادہ دباؤ تھا۔ خوش قسمتی سے میچ جلد ختم ہوا اور چنئی سپر کنگز کی جیت ہوئی۔‘
چھ میچوں میں شکست کے باوجود ممبئی کے مڈل آرڈر بلے باز سوریا کمار یادیو اور ڈیولڈ بریوس آئی پی ایل 2022 میں ’ایل کلاسیکو‘ ٹاکرے کا حصہ بننے کے لیے پرجوش ہیں۔
یادیو نے ایم آئی ٹی وی شو میں بتایا کہ جب بھی دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اترتی ہیں تو مجھے لگتا ہے کہ یہ بالکل مختلف ماحول ہوتا ہے۔‘
ڈیولڈ بریوس کا کہنا ہے کہ ’ہمارے خاندان کے لیے آئی پی ایل ان سب سے بڑی ٹی20 لیگز میں سے ایک ہے جسے دیکھا جاتا ہے۔ آئی پی ایل کے آغاز سے ہی میری والدہ ممبئی انڈینز کی سپورٹر رہی ہیں۔ وہ ممبئی سے محبت کرتی ہیں اور جب میرا معاہدہ ہوا تو وہ بہت خوش ہوئی تھیں۔‘

شیئر: