کشتی میں گھر، ’یہ لوگ منفرد انداز سے جی رہے ہیں‘
کینیڈا کی ریاست برٹش کولمبیا وینکیور کے ساحل پر چارٹر کشتیوں اور کمرشل بحری جہازوں کے درمیان ایک ایسی کشتی بھی کھڑی ہے جس میں ایک خاندان رہائش پذیر ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق 60 فٹ لمبی کشتی میں کرسٹین کرسچینسن اور صوفینا ون ایک دہائی سے رہائش پذیر ہیں۔

کرسچینسن نے بتایا کہ یہ اس شہر میں ان کا گھر ہے۔
اس جوڑے کے دو بچے ہیں جو ان کے ساتھ رہتے ہیں۔
کشتی میں زندگی گزارتے اس جوڑے کے شب و روز کو تصاویر میں محفوظ کرنے والے فوٹوگرافر تانن کیون نے بتایا کہ ’یہ لوگ منفرد انداز سے جی رہے ہیں۔‘

اس کشتی کا حجم ایک چھوٹے سے اپارٹمنٹ جتنا ہے جس میں زیادہ کھلی جگہ دستیاب نہیں تاہم مختلف طریقوں سے اس جوڑے نے اپنی ایک الگ دنیا آباد کر رکھی ہے۔
وینکیور کو رہائش کے اعتبار سے حال ہی میں شمالی امریکہ کے مہنگے ترین شہروں میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔
کشتی پر رہنے کی وجہ سے اس جوڑے نے ایک اچھی خاصی رقم کی بچت کی ہے اور اب قریبی علاقے میں اپنے لیے ایک گھر تعمیر کرا رہے ہیں۔

فوٹوگرافر تانن کیون کے مطابق کرسچینسن اور ان کی اہلیہ کسی مجبوری کے باعث نہیں بلکہ اپنی خواہش پر کشتی میں رہائش پذیر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’دراصل یہ دونوں انتہائی کامیاب کاروبار کے مالک ہیں۔‘

ان کے مطابق کرسچینسن آرٹسٹ ہیں اور وہ شہر کے مختلف کاروباری مراکز کے لیے سائنز تخلیق کرتے ہیں جبکہ صوفینا ایک فیملی بزنس چلاتی ہیں جس میں وہ نیچرل فائبر اور رنگوں سے بنے کپڑے فروخت کرتی ہیں۔ اور دونوں اس طرح ایک اچھی رقم کماتے ہیں۔