حرم مکی میں زائر بچوں کے لیے خصوصی سمارٹ کلائی بینڈ
حرم مکی میں زائر بچوں کے لیے خصوصی سمارٹ کلائی بینڈ
اتوار 24 اپریل 2022 16:12
اگر بچہ رش کی صورت میں والدین سے بچھڑ جائے تو ڈھونڈنے میں آسانی رہے۔ فوٹو عرب نیوز
حرمین شریفین کی جنرل امور کی پریذیڈنسی کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی جانب سے حرم شریف میں آنے والے خصوصی بچوں کے لیے تیار کئے گئے سمارٹ کلائی بینڈ کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق بچوں کے ان کلائی سمارٹ بینڈ میں مواصلاتی ڈیٹا کا اندراج کیا گیا ہے۔ حرم شریف میں کسی بچے کی گمشدگی کی صورت میں اس ریسٹ بینڈ کے ذریعے حکام فوری طور پر بچے کے سرپرست یا والدین سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
عمرہ کی ادائیگی کے لیے حرم شریف آنے والے ایسے والدین جن کے ساتھ بچے ہوں گے انہیں یہ بینڈ مہیا کیا جائے گا تا کہ اگر زیادہ رش کی صورت میں بچہ والدین سے بچھڑ جائے تو بریسلٹ کی مدد سے ڈھونڈنے میں آسانی رہے۔
حرمین شریفین میں سماجی اور رضاکارانہ خدمات کے انڈر سیکریٹری جنرل امجد بن عید الحزمی نے واضح کیا ہے کہ جنرل امور کی پریذیڈنسی حرمین میں آنے والے زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی خواہاں ہے۔
دریں اثنا حرمین شریفین کی جنرل امور کی پریذیڈنسی نےعمرہ زائرین کی راحت اور دھوپ کی تمازت سے محفوظ رہنے کے لیے تقریباً سات ہزار چھتریاں بھی تقسیم کی ہیں۔
'آپ کی چھتری آپ کے ہاتھ میں' کے سلوگن کے تحت یہ اقدام عمرہ کرنے والوں کو حرم کے صحن میں دوپہر کے وقت طواف کے دوران سورج کی حدت سے بچانے اور نمازیوں کی خدمات پر مامور ملازمین کے لیے کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں