Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لبنان برائے فروخت ہے، ایلون مسک خرید لیں‘

کچھ ناقدین کہتے ہیں کہ ایلون مسک جذباتی اور جلد باز ہیں (فوٹو: روئٹرز)
دنیا کی امیر ترین شخصیت ایلون مسک کی جانب سے 44 ارب ڈالر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر خریدنے کے ہر طرف چرچے ہیں۔ یہ رقم اردن کی کُل معیشت کے حجم کے برابر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایلون مسک کی ٹوئٹر کو ’بچانے‘ اور اسے آزادی اظہار کا ذریعہ بنانے کا عزم ظاہر کرنے پر لبنان کے شہری چاہتے ہیں کہ وہ ان کا ملک خریدنے پر بھی غور کریں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر ایلون مسک کار کی صنعت میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں اور سوشل میڈیا کی دنیا میں بھونچال پیدا کر سکتے ہیں تو وہ لبنان کو بھی بچا سکتے ہیں۔
کچھ ناقدین کہتے ہیں کہ ایلون مسک جذباتی اور جلد باز ہیں اور وہ ٹوئٹر خرید بیٹھے ہیں۔ یہ بات درست نہیں۔ انہوں نے اس ڈیل کے لیے چار برس پہلے کام شروع کر دیا تھا۔

ایلون مسک نے 2017 میں ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھے ٹوئٹر سے پیار ہے۔‘ اس پر ایک ٹوئٹر صارف نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ٹوئٹر کو خرید لیں۔ ایلون مسک نے صارف سے پوچھا تھا کہ ٹوئٹر کتنے میں ملے گا۔
اور آخرکار انہوں نے 2022 میں ٹوئٹر کو خرید ہی لیا۔
رواں برس فروری میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد یوکرینی وزیر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن نے ٹوئٹر پر ایلون مسک کے نام ایک پیغام لکھا کہ وہ یوکرین میں اپنا سٹیلائٹ انٹرنیٹ سسٹم ’سٹارلنک‘ مہیا کریں۔
ایلون مسک نے 24 گھنٹے میں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’سٹارلنک یوکرین میں مہیا کر دیا گیا ہے۔ مزید ٹرمینل بھی لگائے جا رہے ہیں۔‘
اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا وہ لبنانی شہریوں کی ان کے ملک کو خریدنے کی خواہش کا جواب دیتے ہیں یا نہیں۔

شیئر: