ریاض -- - - - وزیر محنت اور سماجی بہبود ڈاکٹر علی بن ناصر الغفیص نے غیر قانونی طورپر مقیم اور قانون محنت کی خلاف ورزی کے مرتکب تارکین وطن کو دی جانے والی 90 روزہ مہلت کے حوالے سے امن عامہ کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر عثمان المحرج سے خصوصی ملاقات کی ۔ اس دوران نائب وزیر محنت احمد الحمیدان کے علاوہ وزارت محنت کے اہم عہدیدار اور امن عامہ کے اعلی افسران بھی موجود تھے ۔ دونوں اہم اداروں کی سربراہوںنے قوانین محنت کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دی جانے والی 3 ماہ کی مہلت کے بارے میں منظم لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے اہم نکات پر اتفاق کیا ۔ سبق نیوز کے مطابق وزیر محنت نے اجلاس میں اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ وزارت محنت اور سماجی بہبود اور امن عامہ کے ادارے میں مکمل تعاون ہے ۔ اس ضمن میں مشترکہ کمیٹیوں کے قیام پر بھی اتفاق پایا گیا ۔ وزیر محنت نے اجلاس میں اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ انکی وزارت اور امن عامہ کے ادارے کے ساتھ مکمل طور پر تعاون جاری رکھے گی ۔ انہو ںنے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ قانون محنت کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کو دی جانے والی مہلت کے دوران وزارت محنت کے تمام ذیلی ادارے امن عامہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین کے خلاف کارروائی میں بھر پور حصہ لیں گے تاکہ وطن کو غیر قانونی تارکین وطن سے صاف کیا جاسکے ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر امن عامہ نے اس بات کا یقین دلایا کہ مملکت میں انکے ادارے کی جانب سے غیر قانونی تارکین اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کے لئے وزارت محنت کو بھرپور تعاون حاصل رہے گا ۔ اس ضمن میں محکمہ امن عامہ کی ٹیمیں وزارت محنت کی ٹیموں کے ساتھ تفتیشی مہم کے دوران ساتھ رہیں گی ۔ اجلاس میںانسداد گداگری کے حوالے سے بھی بحث کی گئی تاکہ معاشرے کے اس مکروہ پہلو کا مکمل طور پرخاتمہ کیاجاسکے ۔ غیر ملکی کارکنوں کو انکے حقوق و واجبات دلوانے کے حوالے سے بھی معاملات پر غور کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنانے کی تجاویز پیش کی گئی کہ کارکنوں کو انکے واجبات جلد از جلد مل سکیں ۔