’فرح خان آفس ہولڈر نہیں، پنجاب میں عمران خان کی فرنٹ پرسن تھی‘
فرح خان سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کی دوست ’فرح خان آفس ہولڈر نہیں بلکہ پنجاب میں عمران خان کی فرنٹ پرسن تھی۔‘
اتوار کو اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان کے پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک شخص عوام سے گزشتہ چار سال سے مسلسل جھوٹ بول رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سابق وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ’کسی کو بھی دکھا دیں کہ فرح خان پر کیس نہیں بنتا، ان کے پاس سرکاری عہدہ نہیں تھا۔‘
’فرح گوگی آفس ہولڈر نہیں تھی وہ پنجاب میں آپ کی فرنٹ پرسن تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ مریم نواز بھی آفس ہولڈر نہیں تھی۔ ’فرح گوگی اور شہزاد اکبر کے داستانوں کا سراغ بنی گالہ سے ملتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آپ کے فرنٹ پرسن کے اثاثوں میں اربوں کا اضافہ ہوا ہے۔ وہ آفس ہولڈر نہیں بلکہ آپ کی فرنٹ پرسن تھی۔ وہ پنجاب میں پیسے لے کر لوگوں کی تعیناتی کرتی تھی۔‘
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان بے قصور ہیں، ان کے خلاف انتقامی کارروائی ہوئی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نیب سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا فرح خان پر کیس بن سکتا ہے۔؟ ’نیب نے کیسے فرح خان پر آمدن سے زیادہ اثاثوں کا کیس بنایا یہ صرف عوامی نمائندے پر لاگو ہوتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ فرح خان بشریٰ بی بی کی دوست ہیں اس لیے ان کے خلاف انتقامی کارروائی ہوئی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جمائما خان پر بھی ٹائلز کا کیس اس لیے کیا گیا تھا کہ وہ میری اہلیہ تھی۔‘
28 اپریل کو قومی احتساب بیورو نے فرحت شہزادی المعروف فرح خان اور چند دوسرے افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی۔
نیب کی پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ مذکورہ افراد کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثوں، منی لانڈرنگ اور کاروبار کے نام پر بہت سے اکاؤنٹس رکھنے کے الزامات کی تحقیقات ہوں گی۔
فرح خان سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست ہیں اور ان پر پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران مبینہ طور پر بدعنوانی کے الزامات لگتے رہے ہیں اور یہ بات بھی سامنے آئی کہ وہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد ملک سے فرار ہو گئی ہیں۔
فرح خان نے ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کی تھی۔