’چیف جسٹس بہترین آدمی ہیں ان کی سربراہی میں کمیشن بننا چاہیے‘
عمران خان نے کہا کہ وہ زندگی کے آخری لمحے تک ان چوروں، ڈاکوؤں کے خلاف لڑتا رہے گا۔ (فوٹو: سکیرن گریب)
سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مبینہ امریکی سازش کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بننا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’چیف جسٹس بہترین آدمی ہیں ان کی سربراہی میں کمیشن بننا چاہیے۔‘
عمران خان نے کہا کہ رپورٹس مل رہی تھیں مگر یقین نہیں تھا کہ یہ سازش کامیاب ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ امریکی دھمکی نے ملک کو کیا نقصان پہنچایا، آصف زرداری اور نواز شریف سازش میں ملوث ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی حالیہ دھمکی شرمناک واقعہ ہے۔ ’میں نے سائفر کو کابینہ میں رکھا اور منٹس بتائے، قومی سلامتی کونسل میں سروسز چیفس نے بھی کہا مداخلت ہوئی۔‘
عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف اور زرداری ان لوگوں سے مل رہےتھے جنہوں نے ہمیں چھوڑا۔
’یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہےآزاد بن کر رہنا ہے یا غلام، میں نے آزاد خارجہ پالیسی کی بات کی تھی امریکہ مخالف نہیں ہوں۔‘
’جب ان چوروں اور دو ڈاکو فیملیز کا دور آیا تو پاکستان بہت نیچے چلا گیا، زرداری اور نواز شریف کامقصد صرف پیسے بنانا تھا ان کی ساری زندگی جھوٹ پر گزری ہے اس لیے کہتے ہیں سائفر جھوٹ ہے یہ پتلے لاکر بٹھا دیے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ20 پچیس سال ایک دوسرے کو چور، کرپٹ کہتے تھے آج کہتے ہیں بیگرز آر ناٹ چوزرز، تیس سال ملک کو بیگرز بنایا کس نے ہے؟ اگر ہم نے ان کو رہنے دیا تو یہ ملک کی بدقسمتی ہوگی۔‘
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وہ زندگی کے آخری لمحے تک ان چوروں، ڈاکوؤں کے خلاف لڑتا رہے گا۔
’میں ان کے خلاف جہاد کر رہا ہوں جیل جانا چھوٹی چیز ہے جان کی قربانی دینے کو بھی تیا رہوں۔‘