سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بائیڈن انتظامیہ سے سوال کیا ہے کہ کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ نے پاکستان میں امریکہ مخالف جذبات میں کمی یا ان میں اضافہ کیا ہے؟
پیر کو عمران خان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’بائیڈن انتظامیہ کے لیے میرا سوال ہے کہ ’22 کروڑ سے زیادہ آبادی والے ملک کے جمہوری طور پر منتخب وزیراعظم کو ہٹا کر ایک کٹھ پتلی وزیراعظم لانے کے لیے حکومت کی تبدیلی کی سازش میں ملوث ہو کر، کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ نے پاکستان میں امریکہ مخالف جذبات میں کمی یا انہیں بڑھایا ہے؟‘
مزید پڑھیں
-
مراسلہ چھپانے اور سفیر پر دباؤ کی خبریں بے بنیاد ہیں: دفتر خارجہNode ID: 664271
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کا دعویٰ ہے کہ ’ان کی حکومت کا مبینہ امریکی سازش کے ذریعے خاتمہ کیا گیا ہے اور ایک امریکی عہدیدار نے اس حوالے سے دھمکی بھی دی تھی۔‘
My question for the Biden Administration: By indulging in a regime change conspiracy to remove a democratically elected PM of a country of over 220 mn people to bring in a puppet PM, do you think you have lessened or increased anti-American sentiment in Pakistan?
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 2, 2022
عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم 27 مارچ کو اسلام آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب میں ایک خط لہرایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ’ان کی حکومٹ ہٹانے کے لیے ایک ملک سازش کررہا ہے۔‘
انہوں نے دو روز قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف جسٹس آف پاکستان کو غیر ملکی مراسلے پر تحقیقات کے حوالے سے خطوط بھی ارسال کیے تھے۔
جمعے کو لکھے گئے دو مختلف خطوط میں عمران خان نے صدر ممکت اور چیف جسٹس سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا تھا کہ ’مراسلے کی تحقیقات کے نتیجے میں کسی غیر ملکی سازش کے ثبوت نہیں ملے۔‘
اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ ’خفیہ اداروں نے مراسلے کی تحقیقات کیں، اور دوران تحقیقات کسی غیر ملکی سازش کے ثبوت نہیں ملے۔‘
اس سے قبل 14 اپریل کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے غیر ملکی مراسلے کے حوالے سے کہا تھا کہ ’قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں بڑے واضح الفاظ میں لکھا ہوا ہے کہ کیا تھا اور کیا نہیں ہے۔ اعلامیے میں سازش کا لفظ نہیں ہے۔‘
