سعودی وفد کا دورہ امریکہ، ٹیک اور سپیس کمپنیوں سے ملاقاتیں
وفد نے امریکی کمپنیوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی قیادت میں ایک وفد ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی پاور ہاؤس کے طور پر اپنے علاقائی کردار کو بڑھانے کے لیے امریکہ کے دورے پر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی مواصلات اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیرعبداللہ السواحہ کی قیادت میں وفد نے امریکی کمپنیوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا۔
سعودی عرب علاقائی ٹیکنالوجی کا مرکز ہے اوروفد سعودی نوجوانوں کی اختراعی اورتخلیقی صلاحیتوں کو متاثر کرکے اس پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزارت نے ٹویٹ کیا کہ ’سعودی ٹیکنالوجی مارکیٹ کو بڑھانے کے لیے،سافٹ ویئر، مالیاتی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے انتظام میں مہارت رکھنے والی کمپنیوں کے ساتھ متعدد میٹنگیں کی گئیں۔‘
اومنی کام ایک معروف عالمی مارکیٹنگ کمیونیکیشن کمپنی ہے جو 200 سے زائد برانڈز کے لیے مربوط مارکیٹنگ کی دنیا میں بہترین ٹیلنٹ،تخلیقی صلاحیتوں اور ڈیجیٹل اختراعات فراہم کرتی ہے۔ اس کے کلائنٹ کی فہرست میں دنیا بھر کے سب سے مشہور اور کامیاب برانڈز شامل ہیں۔
میٹنگ سیریز کا مقصد سعودی وژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبوں کے مطابق ڈیجیٹل معیشت، اختراعات اورخلائی تحقیق پر مبنی معیشت کو فروغ دینے اور ترقی دینے والی سٹریٹجک شراکت داری قائم کرکے مملکت میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔
سعودی وژن 2030 جس کا مقصد جیواشم ایندھن سے دور معیشت کو متنوع بنانا ہے تکنیکی ترقی اور اختراع پر بہت زیادہ انحصار کرے گا۔
ڈیجیٹل مسابقتی رپورٹ برائے 2021 میں سعودی عرب کو جی 20 ممالک میں عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
یورپی سینٹر برائے ڈیجیٹل مسابقت کی طرف سے جاری کردہ یہ رپورٹ ورلڈ اکنامک فورم کے جاری کردہ عالمی مسابقتی انڈیکس کے فراہم کردہ اعداد و شمار اور عالمی بینک اور بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے ذریعہ فراہم کردہ معاون ڈیٹا پر مبنی ہے۔
مملکت نے پچھلے سال کے مقابلے جنرل انڈیکس میں 20 درجے ترقی کی اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے محور میں 86 درجہ، جی 20 ممالک میں سرِ فہرست اور جی 20 ممالک میں ڈیجیٹل صلاحیتوں کے محور میں تیسرا مقام حاصل کیا۔