Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی خواتین کی شرح میں اضافہ

خواتین کی شرکت کی شرح 7 فیصد سے بڑھ کر 29 فیصد تک پہنچ گئی ہے( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے شعبے میں کام کرنے والی خواتین کی شرح میں پانچ برسوں میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر برائے کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ نے انکشاف کیا کہ 2017 میں جب سے انہوں نے چارج سنبھالا ہے اس شعبے میں خواتین کی شرکت کی شرح 7 فیصد سے بڑھ کر 29 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
عبداللہ السواحہ کے مطابق کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والے سعودیوں کی شرح پانچ برسوں میں 37 فیصد سے بڑھ کر 57 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
اس شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی صلاحیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے سعودی وزیر برائے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے نوٹ کیا کہ سسکو نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد سعودی عرب میں اپنی سرمایہ کاری کو دس گنا بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
عبداللہ السواحہ نے کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کا نام بدل کر ’منسٹری آف ڈیجیٹل اکانومی‘ کرنے کے ممکنہ منصوبے کے بارے میں بھی بات کی۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ سعودی عرب 2030 تک سیٹلائٹ کمیونیکیشن سروسز کے ذریعے انٹرنیٹ کی ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے میں عالمی رہنما ہو گا۔
سعودی وزیر برائے کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ مملکت اس وقت انٹرنیٹ کی رفتار کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر ہے۔

شیئر: