امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو سے ٹیلی فون پر بات کی۔
سنیچر کو اینٹونی بلنکن نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ اپنے تعلقات مضبوط کرنے، افغانستان میں استحکام کی غرض سے تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور تجارتی شعبے کو وسیع کرنے کے لے پرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں
اس سے قبل بلاول بھٹو نے ٹویٹ کیا تھا کہ عہدہ سنبھالنے پر وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے انہیں فون کر کے مبارک باد دی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ’اینٹونی بلنکن کے ساتھ بات چیت میں وسیع بنیادوں پر تعلقات کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا گیا جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوں۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ امن، ترقی اور سکیورٹی سے متعلق موضوعات بھی زیربحث آئے جبکہ باہمی عزت و احترام کی بنیاد پر تعلقات کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
Spoke with Foreign Minister @BBhuttoZardari today. This year marks the 75th anniversary of U.S.-Pakistani relations, and we're committed to strengthening our relationship and our cooperation on Afghan stability, combatting terrorism, and expanding commerce #PakUSAt75
— Secretary Antony Blinken (@SecBlinken) May 6, 2022
علاوہ ازیں جمعے کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ نے بلاول بھٹو کو رواں ماہ کے آخر میں کورونا پر ہونے والے ورچوئل اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس کے علاوہ 18 مئی کو نیویارک میں گلوبل فوڈ سکیورٹی کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ بارڈر سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت ’باہمی مفادات‘ کے امور پر کام جاری رکھنا چاہتا ہے۔
’ہم دو طرفہ تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔ ہم اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ ان معاملات پر کام جاری رکھنا چاہتے ہیں جہاں ہمارے باہمی مفادات ہیں۔ ان میں انسداد دہشت گردی شامل ہے۔ ان میں بارڈر سکیورٹی بھی شامل ہیں۔‘
Received call from @SecBlinken grateful for warm felicitations on my assumption of office. Exchanged views on:
-Strengthening mutually beneficial, broadbased relationship
-Promotion of peace,development & security
-Agreed engagement with mutual respect is the way forward— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) May 6, 2022