پاکستان کے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین سعودی عرب کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے۔
وفاقی وزیر تعلیم اپنے سعودی ہم منصب ڈاکٹر حمد آل شیخ کی دعوت پر ریاض میں ہونے والی بین الاقوامی تعلیمی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دورہ سعودی عرب میں وفاقی وزیر رانا تنویر اپنے سعودی ہم منصب سے تعلیمی امور سے متعلق دو طرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
رانا تنویرحسین سعودی عرب میں موجود پاکستانی سکولوں کا بھی دورہ کریں گے۔
امام سعود بن اسلامک یونیورسٹی کا دورہ اورکانفرنس کے دوران ورلڈ بینک کے گلوبل ایجوکیشن ڈائریکٹر جائم ساویدرا سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
یاد رہےکہ سعودی عرب میں بین الاقوامی تعلیمی نمائش 2022 اتوار 8 سے 11 مئی تک ریاض میں منعقد ہو رہی ہے۔
بین الاقوامی تعلیمی نمائش میں یونیورسٹیوں، کالجوں، انسٹی ٹیوٹس، نجی سکولوں، ملکی و بین الاقوامی ریسرچ اداروں کے سٹالز ہوں گے۔ علاوہ ازیں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور امدادی خدمات پیش کرنے والی کمپنیاں اور ٹریننگ سینٹرز بھی اپنے سٹالز لگائیں گی۔
کانفرنس میں 110 مقامی اور 152 بین الاقوامی ادارے شریک ہوں گے۔ علاوہ ازیں وزارت تعلیم کے عہدیدار، سرکاری و نجی جامعات کے سربراہ، دنیا بھر سے تعلیمی امور کے ماہرین اور تعلیم کے شعبے میں سرمایہ لگانے والے شریک ہوں گے۔