لاہور - - - - پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے ا سپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹر شرجیل خان کے خلاف شواہد اوردیگر مواد پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل کے روبرو پیش کردیا جبکہ شرجیل خان کو بھی اس کی کاپی فراہم کردی گئی اور وہ 5مئی کو اس بارے میں اپنا موقف ٹربیونل کو پیش کریں گے۔پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت جمعہ کو چیئرمین جسٹس ( ر ) اصغرحیدر کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور شروع کی، جس میں اینٹی کرپشن ٹربیونل کے ممبران لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاء اور وسیم باری شریک ہوئے۔ اس موقع پر پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم ، پی سی بی کے جی ایم لیگل سلمان نصیر،وکلاء تفضل رضوی اورحیدر علی خان ایڈووکیٹ نے پی سی بی کی نمائندگی کی اور اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز شرجیل خان بھی اپنے وکیل شائگان اعجا ز ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے ۔پی سی بی نے اینٹی کرپشن ٹربیونل کو شرجیل خان کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کیس کے شواہد،گواہان کے بیانات،ریکارڈ شدہ انٹرویو ،میچ فوٹیج ، واٹس اپ وائس میسیجز اور دیگر تفصیلات فراہم کیں ۔ان تفصیلات کی کاپی اور مواد اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹر شرجیل خان اور ان کے وکیل کو بھی دیا گیا ۔ شرجیل خان ان الزامات کا جواب 5مئی کو ٹربیونل کو دیں گے ۔اینٹی کرپشن یونٹ نے دونوں فریقین کو ہدایت کی کہ وہ ٹربیونل میں زیر سماعت کیس شواہد کے بارے میں کسی قسم کا تبصرہ نہیں کریں گے ۔