پاکستان میں اومی کرون کا نیا ویریئنٹ، این سی او سی بحال کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے وزارت صحت سے ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کی موجودہ صورت حال سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کا نوٹس لیتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) کو دوبارہ بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو وزیراعظم نے کورونا وائرس کے اومی کرون ویریئنٹ کی نئی ساخت کے کیسز سامنے آنے پر وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کرنے والے ادارے این سی او سی بحال کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم نے وزارت صحت سے ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کی موجودہ صورت حال سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے اومی کرون ویریئنٹ کی کچھ ذیلی اقسام بھی سامنے آئی ہیں۔ ماہرین اومی کرون سے بچاؤ کے لیے کم و بیش وہی احتیاطی تدابیر تجویز کرتے ہیں جو کورونا وبا کے آغاز میں متعارف کرائی گئی تھیں۔