سعودی عرب انٹرنیشنل یوگا تھراپی کانفرنس کی میزبانی کرے گا
سعودی عرب انٹرنیشنل یوگا تھراپی کانفرنس کی میزبانی کرے گا
منگل 10 مئی 2022 15:46
خواتین کی صحت کے مسائل اور یوگا مشقوں کے فوائد پر تبادلہ خیال ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی یوگا کمیٹی، ایشین یوگا تھراپی ایسوسی ایشن کے تعاون سےیکم جون کو سعودی عرب میں پہلی ورچوئل انٹرنیشنل یوگا تھراپی کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق اس تین روزہ کانفرنس میں انسانی جسم کے ساتھ ساتھ دماغ پر یوگا مشقوں کے مثبت اثرات، علاج اور دیگر پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی۔
یوگا کانفرنس میں سعودی عرب، بحرین، ہندوستان، جاپان، امریکہ اور یورپ کے ماہرین شامل ہوں گے، واضح رہے کہ ایشین یوگا تھراپی ایسوسی ایشن کا صدر دفتر سنگا پور میں قائم ہے۔
کانفرنس میں دماغی صحت، اعصابی عوارض، موٹاپا، ذیابیطس، قلبی صحت، خواتین کی صحت اور گٹھیا کی بیماری سمیت کئی مسائل کے لیے یوگا کی مشقوں کے فوائد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی یوگا کمیٹی کی صدر نوف المروعی کا کہنا ہے کہ یکم سے3 جون 2022 تک سعودی عرب میں پہلی ورچوئل انٹرنیشنل یوگا تھراپی کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں خوشی ہو رہی ہے جس میں دنیا بھر سے نامور مقررین اور ماہرین شرکت کریں گے۔
مختلف سیشنز اور پینلز میں معالجین اور یوگا کے ماہرین مباحثوں کے ذریعے طبی اور سائنسی مطالعات پیش کریں گے اور صحت اور معیار زندگی کے لیے یوگا کے طریقہ کار اور مشقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
سعودی یوگا کمیٹی نے 8 اپریل کو یوگا کی نشست کا اہتمام کیا جس میں رمضان میں روزے کے دوران یوگا کی مشق کرنے کے فوائد کے بارے میں ورچوئل لیکچر دیا گیا۔
اس کانفرنس کا انعقاد ڈاکٹر رشا الردادی نے کیا جو اینڈو کرائنولوجسٹ اور یوگا پریکٹیشنر ہیں، اس کانفرنس میں 100 افراد نے شرکت کی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں