Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا میں لوٹ مار میں ملوث افراد کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم

حکومت کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکشے نے استعفٰی دے دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کی وزارت دفاع نے سکیورٹی فورسز کو لوٹ مار میں ملوث اور املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کو دیکھتے ہی گولی مار دینے کا حکم دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارت دفاع نے منگل کو کہا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز کو حکم دیا گیا ہے کہ عوامی املاک کو لوٹنے یا انسانی جان کو نقصان پہنچانے والوں کو دیکھتے ہی گولی مار دی جائے۔‘
واضح رہے کہ ایک روز قبل مشتعل ہجوم نے حکمراں جماعت کے سیاستدانوں کے گھروں پر حملے کیے تھے۔
حکومت نے پرتشدد واقعے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں فوج، نیوی اور ایئرفورس کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا ہے، جو دارالحکومت کولمبو اور دیگر علاقوں میں گشت کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق گزشتہ رات ہونے والے پرتشدد واقعات میں دو پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 65 گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے 41 جل کر خاک ہو گئے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سینکڑوں موٹر سائیکلوں کے ساتھ ساتھ 88 گاڑیوں اور بسوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ سری لنکا میں گزشتہ جمعے سے ایمرجنسی نافذ ہے اور فوج کو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے اور تحویل میں لینے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سینکڑوں موٹر سائیکلوں کے ساتھ ساتھ 88 گاڑیوں اور بسوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پیر کو ایک مہینے سے سری لنکن صدر کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے پرامن مظاہرین پر حکومتی حامیوں کے حملے کے بعد حکومت نے دو روزہ کرفیو بھی لگا دیا ہے۔
کولمبو کے مرکزی ہسپتال کے مطابق پیر کو ہونے والے حملوں میں 219 افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے لایا گیا۔ ایک اور مقام پر پرتشدد واقعے میں چھ افراد زخمی ہوئے۔
حکومت کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکشے نے بھی استعفٰی دے دیا تھا۔
مہندا راجا پاکشے کے ترجمان روہن ویلیویتا کا کہنا تھا کہ انہوں نے استعفٰی صدر گوتبایا راجا پاکشے کو بھجوا دیا ہے جو کہ ان کے چھوٹے بھائی بھی ہیں۔

شیئر: