وراٹ کوہلی نے تنقید سے بچنے کے لیے کیا طریقہ اپنایا ہے؟
وراٹ کوہلی اپنے گذشتہ تمام فارمیٹس کے 100 سے زائد میچز میں سینچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی آئی پی ایل میں تین مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد تنقید کی زد میں ہیں، لیکن انہوں نے اس سے بچنے کا ایک طریقہ نکالا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وراٹ کوہلی کا کہنا ہے کہ تنقید سے بچنے کےلیے وہ اپنے ٹی وی کی آواز بند کر دیتے ہیں۔
ناقدین کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ’جس جگہ میں ہوں وہ اس جگہ پر نہیں ہیں، وہ میری طرح محسوس نہیں کر سکتے اور وہ یہ لمحات نہیں جی سکتے۔‘
’آپ شور سے کیسے بچ سکتے ہیں؟ آپ یا تو ٹی وی کی آواز بند کر دیں یا پھر لوگوں کی باتوں پر توجہ نہ دیں۔ میں یہ دونوں کام ہی کرتا ہوں۔‘
وراٹ کوہلی نے کہا کہ ’میرے کیریئر میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ میں اس کھیل میں سب کچھ دیکھ چکا ہوں۔‘
وراٹ کوہلی اپنے گذشتہ تمام فارمیٹس کے 100 سے زائد میچز میں سینچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ رواں آئی پی ایل سیزن میں وہ 12 میچز میں صرف ایک نصف سینچری اور مجموعی طور پر 216 رنز بنا سکے ہیں۔
وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل میں اپنے جنوبی افریقن ٹیم میٹ اے بی ڈیویلیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں انہیں بہت مِس کرتا ہوں۔ میں ان کے ساتھ باقاعدگی سے بات کرتا ہوں۔ وہ مجھے پیغامات بھیجتے رہتے ہیں۔ وہ اگلے سال کسی نہ کسی حیثیت سے ہمارے ساتھ ہوں گے۔‘
رواں آئی پی ایل سیزن میں جنوبی افریقہ کے فاف ڈو پلیسیز بنگلور کے کپتان بنے تھے۔