پاکستانی کمیونٹی شاہی مہلت سے فائدہ اٹھائے، عادل العلیط
آل پاکستان اوورسیز آرگنائزیشن انٹرنیشنل کی پہلی تقریب میں وزارت محنت کے ڈائریکٹر جنرل برآئے آپریشن کے علاوہ کمیونٹی کے ممتاز افراد کی شرکت
ریاض(ذکاءاللہ محسن) سعودی وزارت محنت کے ڈائریکٹر جنرل آپریشن و تفتیش عادل بن صالح العلیط کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر تمام ممالک کے افراد کو چاہئے کہ وہ3ماہ کی مہلت سے بھرپور فاہدہ اٹھاتے ہوئے کسی قسم کی سزا یا جرمانے کے بغیر آسانی کے ساتھ اپنے ممالک کو روانہ ہو جاہیں ۔ عادل بن صالح العلیط آل پاکستان اوورسیز آرگنائزیشن انٹرنیشنل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے افراد جو حج وعمرہ کے ویزوں پر رہائش پزیر ہیں یا ایسے افراد جن کو کمپنی یا کفیل کی جانب سے ہروب دے دیا گیا ہو یا ایسے افراد جو وزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے پر ابھی تک یہاں مقیم ہیں، ان کو چاہئے کہ وہ شاہی مدت سے بھرپور فاہدہ اٹھائیں اور جلد ازجلد سعودی عرب سے روانہ ہو جاہیں۔ اگر وہ نئے ویزے پر واپس آنا چاہیں تو ان پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔ انھوں نے سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی عبدالشکور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے اور جس طرح یہ اپنی کمیونٹی کے لئے کام کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ جتنی محبت ایک عام پاکستانی اپنے ملک سے کرتا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ سعودی عرب سے ہمارا روحانی اور ایمانی رشتہ ہے۔ ہمارے لوگ یہاں عقیدت کے ساتھ رہتے ہیں اور سعودی گورنمنٹ کی جانب سے بھی کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پاکستانیوں پر بلاجواز پابندیاں لگائی گئی ہوں بلکہ تمام پاکستانی اپنی ثقافت کے تمام رنگوں کے ساتھ یہاں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کی سرزمین نے ہمیں ماں کی طرح پالا ہے اور پاک سعودی دوستی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ان سے قبل آل پاکستان اوورسیز آرگنائزیشن انٹرنیشنل کے جنرل سیکرٹری قیصر ندیم نے تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم مکمل طور پر غیر سیاسی ہے اور دنیا کے مختلف 26 ممالک میں کام کر رہی ہے۔ سعودی عرب میں پہلی بار اس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس کا مقصد تمام پاکستانیوں کو بلا تفریق ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے متحد کرنا ہے ۔ہمارا وژن ہے کہ دیار غیر میں ہموطنوں کو درپیش مشکلات کا حل نکالا جائے اور ان کو بہتر ماحول فراہم کیا جائے۔ سنیئر نائب صدر ناصر محمود ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری شناخت ہے ۔ہمیں خود احتسابی کے عمل سے گزرتے ہوئے یہ سوچنا ہوگا کہ ہم نے اپنے ملک کو کیا دیا ہے۔آل پاکستان اوورسیز آرگنائزیشن کے صدر محمد یوسف خالد نے تقریب میں آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔ اس حوالے سے ہم سفارت خانے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔پروفیسر گوہر رفیق اور ڈاکٹر اخلاق امجد نے کہا کہ ایمان کا درجہ وطن سے محبت ہے۔تقریب میں قیام پاکستان پر دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ عبدالرزاق تبسم کی پاکستان کے بارے میں دعائیہ شاعری نے خوب سماں باندھا۔ محمد عاقب نے ملی نغمے گا کر جذبہ حب الوطنی کو خوب گرمایا۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ محمد عمر نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول کو عابد شمعون چاند نے پڑھا۔ تقریب کے آخر میں ایوارڈ تقسیم کئے گئے جن میں معروف صحافی ایچ ایم فیاض،سفارت خانہ کے عملے کے شاہد ریاض، اشرف علی اورصدیق اکبر شامل تھے جبکہ مہمان خصوصی عادل بن صالح العلیط کو بھی شیلڈ سے نوازا گیا۔