Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے لیے ’ابھی بھی پرعزم‘

ایلون مسک نے سپام اکاؤنٹس اور بوٹس کے خاتمے کو ٹوئٹر کے 44 ارب ڈالر کے اپنے مجوزہ ٹیک اوور کا محور بنا دیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کے امیر ترین انسان اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے یہ ٹویٹ کرنے کے چند گھنٹے بعد کہ وہ اس معاہدے کو روک رہے ہیں، کہا ہے کہ وہ ابھی بھی ٹویٹر کو خریدنے کے لیے پرعزم ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو ایلون مسک نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’وہ ابھی بھی (ٹوئٹر کے) حصول کے لیے پرعزم ہیں۔‘
اس سے قبل ایلون مسک کا یہ پیغام، جس میں کہا گیا تھا کہ معاہدہ ’عارضی طور پر روک دیا ہے‘، ٹوئٹر کے حصص کی قدر میں 20 فیصد کمی کا باعث بنا تھا۔
ٹیسلا کے بانی نے سپیم اکاؤنٹس اور بوٹس کے خاتمے کو ٹوئٹر کے 44 ارب ڈالر کے اپنے مجوزہ ٹیک اوور کا محور بنا دیا تھا۔
گزشتہ مہینے کے آخر میں جب ڈیل کا اعلان کیا گیا تھا تو ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ سپیم بوٹس کو شکست دے کر اور تمام انسانوں کی مصدقہ تصدیق کے بعد ٹوئٹر کو ’پہلے سے بہتر‘ بنانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ صارفین کی تعداد کے لیے قابل اعتماد اعداد و شمار کو مستقبل میں آمدنی کے سلسلے کا فیصلہ کرنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
لیکن جمعے کو ایلون مسک نے دو مئی کے ایک مضمون کا لنک پوسٹ کیا جس میں ٹوئٹر کی امریکی ریگولیٹرز کو جمع کروائے تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیا گیا تھا۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’ٹوئٹر کی ڈیل عارضی طور پر روک دی ہے۔ زیر التوا تفصیلات اس حساب کتاب کی حمایت کرتی ہے کہ سپیم/جعلی اکاؤنٹس واقعی پانچ فیصد سے کم صارفین کی نمائندگی کرتے ہیں۔‘
ٹوئٹر کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ اندرونی جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹوئٹر کے ’22 کروڑ 90 لاکھ فعال مونٹائزیبل صارفین‘ ہیں اور صرف پانچ فیصد جعلی یا سپیم اکاؤنٹس ہیں۔

شیئر: