کراچی میں چینی شہریوں کو ہلاک کرنے والوں کو سزا دی جائے گی، بلاول بھٹو
کراچی میں چینی شہریوں کو ہلاک کرنے والوں کو سزا دی جائے گی، بلاول بھٹو
ہفتہ 14 مئی 2022 16:16
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وعدہ کیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کو مکمل سکیورٹی دی جائے گی۔ (فوٹو: پاکستان پیپلز پارٹی)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں چینی شہریوں کو ہلاک کرنے والوں کو سزا دی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے یہ بات اسلام آباد میں چینی شہریوں کی یاد میں منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران کہی۔ اس موقعے پر چینی چارج ڈی افیئر پانگ چنشوئے اور چینی ایمبیسی کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ کراچی میں 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں ایک خاتون کے خود کش حملے میں تین چینی شہری اور ان کا ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری علیحدگی پسند گروہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس واقعے پر پاکستان کے عوام کو ’دھچکا لگا اور انہیں افسوس ہوا۔‘
ان کے مطابق یہ نقصان چین اور پاکستان کے عوام کےلیے ایک برابر تھا۔
’مرنے والوں کے خاندانوں کے ساتھ پوری قوم رنجیدہ ہے۔ ہم جانے والوں کو واپس تو نہیں لا سکتے، لیکن اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم ذمہ داروں کو سزا نہیں دیتے۔‘
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ’فولاد جیسی مضبوط دوستی‘ کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے بھائی چارے کو مضبوط کرنے کے لیے چینی اور پاکستانیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔‘
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ’فولاد جیسی مضبوط دوستی‘ کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ (فوٹو: پاکستان پیپلز پارٹی)
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وعدہ کیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کو مکمل سکیورٹی دی جائے گی۔
’آپ ہمارے مہمان ہیں اور ہم اپنے ملک میں آپ کی سکیورٹی اور حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔‘
خیال رہے کہ بلوچ علیحدگی پسند پاکستانی فورسز پر حملے کرنے کے علاوہ بلوچستان میں چینی مفادات کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔
چین نے پاکستان میں سی پیک کے تحت 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر رکھا ہے جو چین کے میگا پراجیکٹ بلیٹ اینڈ روڈ انیشیئٹو (بی آر آئی) کا حصہ کا ہے۔