کویت میں کیمسٹری کی ٹیچر پیشہ ور گداگر نکلی، ملک بدری کی سزا
عرب خاتون گزشتہ 18 برس سے ایک سکول سے منسلک تھی( فائل فوٹو عکاظ)
کویت میں خفیہ محکمہ کی ٹیم نے عرب ملک سے تعلق رکھنے والے ایک خاتون کو گداگری کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔
تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ گداگرخاتون کیمسٹری کی ٹیچرتھی جو گزشتہ 18 برس سے ایک سکول سے منسلک بلکہ گرفتاری کے وقت تک برسرروزگار بھی تھی۔
عاجل نیوز نے کویتی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا کہ کویتی محکمہ خفیہ کو اطلاع ملی تھی کہ معروف علاقے میں ایسی خاتون کو دیکھا گیا ہے جو مشکوک قسم کا برقع پہننے گداگری کرتی ہے۔
محکمہ خفیہ کی ٹیموں نے اطلاع ملنے کے بعد خاتون کی خفیہ طورپرنگرانی جاری رکھی جب اس بات کا یقین ہوگیا کہ خاتون مخصوص مقام پرروزانہ گداگری کرنے آتی ہے تو اسے پیشہ ورگداگر قرار دیتے ہوئے حراست میں لے کرمحکمہ انسداد گداگری کے حوالے کردیا گیا۔
محکمہ انسداد گداگری میں جب تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ پیشہ ور گداگرخاتون کوئی عام عورت نہیں بلکہ ایک مقامی اسکول میں کیمسٹری کی ٹیچر تھی۔
مزید تفتیش میں معلوم ہوا کہ خاتون کا شوہربھی سکول میں ٹیچر کے طور پربرسوں سے خدمات انجام دے رہا ہے جبکہ ان کے بچے بھی کویت کے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
محکمہ انسداد گداگری نے خاتون اوراس کے شوہرکے خلاف مقدمہ دائرکرکےعدالت میں بھیج دیا جہاں سے انہیں ملک بدری کی سزا سنا دی گئی۔
کویتی اخبار کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے نے معاشی مسائل بیان کیے جس کی وجہ سے وہ گداگری کرنے پرمجبور ہوئی تھی تاہم تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اس کے اپنے ملک میں کافی جائدادیں ہیں اور جو کہانی اس نے بیان کی وہ جھوٹی تھی۔