Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں، حکومت کا اعلان

پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
منگل کو اسلام آباد میں وفاقی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گالیوں سے گولیوں پر آ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کوئی جمہوری مارچ نہیِں، یہ ایک فتنہ اور فساد مارچ ہے جو قوم کو تقسیم کرنے اور انتشار پھیلانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔‘
’اسی بیانیے کے ساتھ یہ ٹولہ پورے ملک میں گھومتا رہا ہے۔ ان کی گفتگو ریکارڈ پر ہے جس میں کہا گیا کہ یہ خونی مارچ ہوگا۔ کہا گیا کہ حکومت کو زبردستی اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان کو مارچ کے نام پر فتنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ’ یہ وفاق پر حملہ آور ہونے آ رہے ہیں۔‘
’ایسا جتھہ جس کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہ ہو اسے کسی قیمت پر اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تمام لوگوں کو خبردار کرتا ہوں کہ عمران خان کی پھیلائی گمراہی سے باہر نکلیں۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ صرف اتحادی حکومت نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔
’جمہوری اور پُرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے۔ اسلام آباد کے شہریوں کے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور اس کو نبھائیں گے۔‘
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ لانگ مارچ کی اجازت نہ دینے کے فیصلے کے پیچھے عمران خان کے ماضی کا کردار ہے جو سنہ 2014 کے دھرنے میں رہا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے وفاق پر حملہ آور ہونے آ رہے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ صدر موجودہ حکومت کے اپوزیشن لیڈر کے طور پر کھڑے ہو گئے ہیں اور موجودہ تعطل کے ذمہ دار ہیں۔ ’ہم ان کی مذمت کرتے ہیں اور وہ عمران خان کے جیالے کے طور پر کام کر رہے ہیں۔‘

شیئر: