سالانہ چھٹی پر ملازم کو الاونسز کے ساتھ مکمل تنخواہ ملے گی؟
وزارت محنت نے سالانہ چھٹی کے حقوق کا طریقہ کار جاری کیا ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سعودی عرب میں رائج قانون محنت کے مطابق سالانہ چھٹی کے حقوق کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ ’سالانہ چھٹی کا محنتانہ ملازم کی حقیقی تنخواہ کے حساب سے ہو گا۔ جس میں تمام الاؤنسز شامل ہوں گے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’یہ بات قانون محنت کی دفعہ 2 کے تحت محنتانے کا تعارف کراتے ہوئے واضح کردی گئی ہے۔‘
بعض ملازمین نے دریافت کیا تھا کہ ’کیا سالانہ چھٹی کی تنخواہ صرف بنیادی تنخواہ کے حساب سے جاری ہوگی یا ہاؤس الاؤنس اورٹرانسپورٹ الاؤنس سمیت مکمل تنخواہ کا استحقاق ہوگا؟‘
یاد رہے کہ ’اگر آجر کمپنی یا ادارے کی ضرورت کے تحت اجیر کو سالانہ چھٹی نہ دے تو ایسی صورت میں اسے چھٹی کا معاوضہ ڈبل تنخواہ کی صورت میں دینا ہوتا ہے۔‘
واضح رہے کہ قانون کے مطابق سعودی عرب میں کام کرنے والے غیرملکی کارکنوں کو سالانہ چھٹی کے لیے دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق ایسے کارکن جنہیں کمپنی یا سپانسر کے پاس کام کرتے ہوئے پانچ برس نہیں ہوئے، ان کے لیے ایک سال گزرنے پر کم از کم 21 دن کی چھٹی مقرر کی گئی ہے۔
دوسری کیٹیگری میں وہ کارکن ہیں، جنہیں ملازمت کرتے ہوئے پانچ برس سے زیادہ گزر چکے ہیں۔ ان کے لیے 30 دن کی سالانہ چھٹی مقرر ہے۔