Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں غیرقانونی پولٹری فارم سیل

بلدیہ کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقے میں پولٹری فارم قائم کرنا قانون شکنی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ میونسپلٹی نے الملیسا بلدیاتی کونسل کے ایک احاطے میں غیر قانونی طریقے سے کھولے گئے پولٹری فارم کو سیل کردیا۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الملیسا بلدیاتی کونسل کے چیئرمین انجینیئر مہدی الیامی نے بتایا کہ  ہمارے انسپکٹرز معمول کے تفتیشی دورے پر تھے۔ اسی دوران غیر قانونی پولٹری فارم نظرمیں آیا جہاں مرغیاں ذبح کرکےان کا گوشت صارفین کو فروخت کیا جارہا تھا۔ 
الیامی نے توجہ دلائی کہ میونسپلٹی رہائشی علاقوں میں مرغیاں پالنے اور انہیں ذبح کرنے پر پابندی عائد کیے ہوئے ہے۔ اس سے صفائی کا معیار متاثر ہوتا ہے اور آس پاس کے لوگ بدبو سے اذیت محسوس کرتے ہیں۔ 
الیامی نے بتایا کہ وہاں حفظان صحت کے ضوابط کی مکمل خلاف ورزی کی جارہی تھی۔ انسپکٹرز نے مرغیاں ذبح کرنے کے عمل میں استعمال  کیے جانے والے تمام آلات ضبط کرلیے۔ یہاں سے مرغیاں ذبح کرکے ریستورانوں اور جنرل سٹورز کو سپلائی کی جارہی تھیں۔ 
الیامی نے انتباہ دیا کہ اول تو کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں ہوگی جبکہ کھانے پینے کی اشیا اور رہائشیوں کی صحت کو نقصان پہنچانے والی کوئی بھی سرگرمی خاص طور پر ناقابل برداشت ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے ہوں گے اور انہیں مقررہ سزائیں دی جائیں گی۔ 

شیئر: