Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سیزن نے وزیٹرز کے لیے شہر کی تاریخ کے دروازے کھول دیے

جدہ کے تاریخی علاقے میں بعض عمارتیں چارسو برس پرانی ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں جدہ سیزن نے رنگا رنگ پروگرام سے لطف اٹھانے کا موقع فراہم کرنے کے لیے تاریخ کے دروازے کھول دیے ہیں۔
 وزیٹرز کو جدہ شہر کے ایک، ایک حصے میں محفوظ انمول ثقافتی نوادر سے متعارف ہونے کے مواقع مل رہے ہیں۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ کا تاریخی علاقہ قدیم عمارتوں سے مالا مال ہے۔ یہاں بعض عمارتیں چارسو برس پرانی ہیں۔
ان میں جدہ کی فصیل اور اس کے تاریخی محلے مثلا المظلوم، الشام، الیمن اور البحر محلے قابل ذکر ہیں۔ 

 قدیم زمانے میں بچوں میں رائج کھیلوں کی بابت بھی بتایا جارہا ہے(فوٹو: ایس پی اے) 

جدہ کے تاریخی علاقے میں قدیم مساجد بھی اپنی ایک شان رکھتی ہیں۔ ان میں نمایاں ترین عثمان بن عفان، الشافعی، الباشا، عکاش، المعمار اور الحنفی جامع مساجد  قابل ذکر ہیں۔ یہاں تاریخی اور عوامی بازار بھی ہیں۔
جدہ کے تاریخی علاقے میں ہر روز کوئی نہ کوئی عوامی پروگرام ہورہا ہے۔ جدہ کے تاریخی علاقے میں متعدد میدان ہیں جو خطے کے ورثے سے ماخوذ فن پاروں سے آراستہ ہیں۔  سعودی عرب کے مشہور تجریدی آرٹسٹوں کے فن پارے سجے ہوئے ہیں۔ 
جدہ کے تاریخی علاقے میں ہونے والے پروگرام میں ایک نمائش بھی ہے جس میں شہر کے قیام کی تاریخ اجاگر کی جا رہی ہے۔

تاریخی علاقے میں ہر روز کوئی نہ کوئی عوامی پروگرام ہورہا ہے(فوٹو: ایس پی اے)

بتایا جا رہا ہے کہ اس شہر کا نام جدہ کیوں پڑا۔ شہر کے تاریخی محلوں، یہاں کے مشاہیر اور فصیل کا قصہ بھی ہے۔
جدہ کے دروازوں کی کہانیاں اور اس کی اہم قابل دید عمارتوں کا تعارف بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ 
جدہ کے تاریخی علاقے میں قدیم زمانے میں بچوں میں رائج کھیلوں کی بابت بھی وزیٹر کو بتایا جا رہا ہے۔ 

شیئر: