سوات میں آتشزدگی، وزیراعظم کا دو ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے سوات کے علاقے پتنئی میں آگ بجھانے کے لیے دو ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی درخواست پر وزیر اعظم نے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات اور ریسکیو 1122 مل کر تحصیل بابوزئی کے پتنئی، مینگورہ میں آگ بجھا رہے ہیں۔
خشک موسم اور تیز ہوا کے سبب آگ کو مزید پھیلنے سے بچانے کے لیے ہیلی کاپٹرز طلب کیے گئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی ضلعی انتظامیہ اور معاون اداروں کی درخواست فوری منظور کرتے ہوئے آگ بجھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آگ بجھانے کے لئے فضائی امداد فوری فراہم کی جائے۔
گذشتہ روز سنیچر کو خیبر پختونخوا کے جنگلات میں 6 مقامات پر آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے پہاڑوں پر موجود گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے شانگلہ کے جنگلوں میں لگی آگ کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شانگلہ میں جنگلاتی آگ سے ایک گھر آتشزدگی سے چار افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک مرد، خاتون اور دو بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف اضلاع میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی ٹیمیں مصروف عمل ہے۔ پی ڈی ایم اے متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور امدادی کارروائیاں کی نگرانی میں مسلسل مصروف ہے۔