Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ڈاکار ریلی کی افتتاحی تقریب 31 دسمبر کو ہو گی

31 اکتوبر تک درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔ (فوٹو الریاضیہ)
سعودی موٹر سپورٹس کمپنی نے کہا ہے کہ سعودی ڈاکار ریلی کا 45 واں ایڈیشن 31 دسمبر سے 15 جنوری 2023 کے دوران مملکت میں ہوگا۔ سعودی موٹر کمپنی مملکت میں ڈاکار ریلی منعقد کراتی ہے جو سعودی آٹو موبائل اور موٹر سائیکل فیڈریشن کے ماتحت ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی سپورٹس کمپنی نے اتوار کو ویڈیو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ڈاکار ریلی کی شروعات بحیرہ احمر کے ساحل پر قائم کیمپ سے ہو گی۔

ریلی کے 14 مرحلے ہوں گے (فوٹو: سبق)

ریلی کے شرکا سعودی عرب کے مشرقی علاقے سے مغرب تک کا سفر طے کریں گے۔ ریلی 14 مراحل میں انجام کو پہنچے گی۔
علاوہ ازیں ابتدائی مرحلہ پندرہ روزہ ہوگا۔ ان میں سے تین مرحلے ربع الخالی ریگستان میں ہوگا۔ ایک میراتھن ہوگی۔ مقابلے کے شرکا دمام کا رخ کریں گے اور مقابلے کا آخری پڑاؤ 15 جنووری 2023 کو ہوگا۔ 
سعودی ڈاکار ریلی 2023 میں انفرادیت یہ ہے کہ اس کے 70 فیصد روٹ نئے ہوں گے۔ ڈاکار ریلی میں حصہ لینے والے مختلف جغرافیائی علاقوں سے گزریں گے۔ انہیں پرکشش قدرتی مناظر اور سعودی عرب کے تاریخی علاقے دریافت کرنے کا موقع ملے گا۔ وہ نئے  چیلنجوں کا سامنا کریں گے جن کی وجہ سے ان کے جوش اور شوق میں اضافہ ہوگا۔

سعودی ڈاکار ریلی 2023‘ 2014 کے بعد طویل ترین رہے گی۔ اس دوران ریلی کے شرکا 5 ہزار کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ خاص مرحلوں کی طوالت 350 سے 500 کلو میٹر کے درمیان ہوگی۔

سعودی وزیرسپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے کہا کہ ’خوشی کی بات ہے کہ مسلسل چوتھی بار ڈاکار ریلی ہورہی ہے۔ اس کی اہمیت یہ ہے کہ سعودی سپورٹس میپ میں اسے اہم موڑ کی حیثیت حاصل ہے۔ اس کی بدولت دنیا بھر کی نظریں سعودی عرب کی طرف لگی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ ڈاکار ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے جتنی سہولتیں درکار ہیں وہ سب ہمیں مل رہی ہیں۔‘  
سعودی ڈاکار ریلی ایڈیشن 45 کے شرکا سے 6 جون 2022 کو درخواستوں کی وصولی شروع ہوجائے گی۔31 اکتوبر تک درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔ تکنیکی اور انتظامی معائنہ جات تین دن تک جاری رہیں گے۔ 28 سے 30 نومبر تک یہ کام انجام دیا جائے گا پھر 27 اور 28 دسمبر کو سعودی ڈاکار ریلی کے شرکا کی آمد شروع ہوجائے گی۔
سعودی ڈاکار ریلی کی افتتاحی تقریب 31 دسمبر کو ہوگی اور یکم جنوری 2023 کو مقابلے کا آغاز ہوجائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: