مجھے بند کرنے کی کوشش ہے تاکہ تحریک رہ جائے: عمران خان
مجھے بند کرنے کی کوشش ہے تاکہ تحریک رہ جائے: عمران خان
منگل 7 جون 2022 16:38
عمران خان کے مطابق انتخابات کے اعلان تک تحریک جاری رہے گی۔ فوٹو: اے ایف پی
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ انہیں کسی کیس میں بند کر دیں تاکہ آزادی کی یہ تحریک ختم ہو جائے۔
منگل کو اسلام آباد میں انصاف لائرز فورم کے نمائندوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک کو ختم نہیں ہونے دیں گے چاہے جیلوں میں ڈال دیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے تک آزادی کی تحریک جاری رہے گی۔
عمران خان نے سفارتی مراسلے کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے نیشنل سکیورٹی کونسل اور پارلیمان کے سامنے خط رکھا اور چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی بھجوایا، سکیورٹی کونسل نے کہا کہ مداخلت ہوئی ہے امریکہ سے مذمت بھی کرنے کا کہا کہ اس نے ہمارے داخلی معالات میں مداخلت کی۔
’سپریم کورٹ کے پاس وہ مراسلہ موجود ہے۔ وہ تفتیش کریں کہ ایک ملک میں حکومت گرائی گئی اور باہر سے سازش ہوئی اور حکومت میں وہ لوگ آئے جو اصل توہین ہیں پاکستانیوں کی۔‘
انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کروانا وکلا کمیونٹی کی ذمہ داری ہے اور قانون وکلا اور عدالتوں نے نافذ کروانا ہے۔
’یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ملک کی قیادت وہ لوگ کر رہے ہیں جن کے خلاف مقدمات زیرسماعت ہیں جبکہ 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے جو قوم کی توہین ہے۔‘
عمران خان نے وکلا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے قانون کی حکمرانی کے لیے کھڑے ہونا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ حکومتی جماعت مسلم لیگ ن نے دھاندلی سے انتخابات میں جیتنے کا منصوبہ بنایا ہے، انہیں معلوم ہے کہ وہ ویسے تو انتخابات نہیں جیت سکتے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف انتخابات میں جیتے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے واپڈا کے سابق چیئرمین مزمل حسین کو ہٹانے کے بعد واپڈا کی کریڈٹ ریٹنگ بھی منفی میں چلی گئی ہے جس سے ڈیم بنانے کے لیے قرضے نہیں ملیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے دور حکومت میں پچاس سال بعد ڈیم بننا شروع ہوئے تھے۔