Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمائمہ کی فلم ’وٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کب ریلیز ہوگی؟

جمائمہ گولڈ سمتھ اس فلم کی لکھاری اور پروڈیوسر ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کہا جاتا ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور فنکار سب کے سانجھے ہوتے ہیں۔
اسی بات کی تصدیق پاکستان کی معروف اداکارہ سجل علی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کی فلم ’وٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ میں کام کر کے کردی ہے۔
جمائمہ گولڈ سمتھ نے منگل کے روز مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر فلم کی تصویر شیئر کرکے نمائش کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
جمائمہ گولڈ سمتھ کی فلم ’وٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ برطانیہ کے سنیما گھروں میں 27 جنوری 2023 کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پاکستانی ادارکاہ سجل علی کے ساتھ انڈیا کی اداکارہ شبانہ اعظمی بھی کام کررہی ہیں جبکہ مرکزی کردار برطانوی اداکار شہزاد لطیف اور اداکارہ للی جیمز نبھائیں گی۔
جمائمہ گولڈ سمتھ اس فلم کی لکھاری اور پروڈیوسر ہیں جبکہ انڈین ہدایت کار شیکھر کپور اس فلم کے ہدایت کار ہیں۔
جمائمہ کی یہ فلم رومانوی نوعیت کی ہے جس کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے۔
ان کی فلم کی ریلیز کے بارے میں انسٹاگرام پوسٹ پر صارفین کی جانب سے تعریفی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
بیلا فروڈ کہتی ہیں کہ ’بہت اعلیٰ، مجھ سے مزید انتظار نہیں ہورہا۔‘
جولیا لکھتی ہیں کہ ’مبارک ہو، کتنا شاندار ہے۔ انتظار نہیں ہورہا۔‘
وٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟ میں شامل پاکستانی اداکارہ سجل علی کے لیے یہ فلم بھی کسی اعزاز سے کم نہیں ہے کہ وہ بین الاقوامی فلم میں کام کر رہی ہیں۔
 اس سے پہلے سجل علی انڈیا کی فلم ’موم‘ میں نواز الدین صدیقی، اکشے کھنہ اور سری دیوی کے ساتھ  کام کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ دوسری جانب فلم کی عکس بندی کے دوران جمائمہ بھی سجل علی کے ساتھ کافی خوش گوار مُوڈ میں نظر آئیں۔
 
سجل علی حالیہ دنوں میں ٹیلی ویژن پر بھی کافی مقبول رہی ہیں جہاں انھوں نے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے تعاون سے بننے والے کامیاب ڈرامے صنف آہن میں بھی فوجی کا کردار نبھایا ہے۔

شیئر: