وزیرخارجہ کی صومالی صدرکی تقریب حلف برداری میں شرکت
وزیرخارجہ کی صومالی صدرکی تقریب حلف برداری میں شرکت
جمعرات 9 جون 2022 18:45
صدر حسن شیخ محمود سے سعودی وزیر خارجہ نے ملاقات کی (فوٹو، ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو صومالیہ کے حسن شیخ محمود کی صدارتی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے آدم عدی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد کی گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق صدر حسن شیخ محمود سے سعودی وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی جانب سے منصب صدارت پر فائز ہونے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے آرزو ظاہر کی کہ وہ صومالیہ اور اس کے عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب اور سرخرو ہوں۔
صومالیہ کے صدر نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نیز سعودی عوام و حکومت کے لیے خیر سگالی کا جوابی پیغام شہزادہ فیصل بن فرحان کے حوالے کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہاکہ مملکت دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ و برادرانہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت کے رشتے مسلسل مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی آرزو مند ہے۔ مملکت کی قیادت چاہتی ہےکہ دونوں ملک عروج کی نئی منزلوں تک باہمی تعلقات کو پہنچائیں۔
اس موقع پر صومالیہ میں متعین سعودی سفیر احمد المولد اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔