عازمین کے لیے دوران حج کون سی اشیا ساتھ لے جانا ضروری ہے؟
عازمین کے لیے دوران حج کون سی اشیا ساتھ لے جانا ضروری ہے؟
ہفتہ 11 جون 2022 6:32
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
حجاج کو روانگی سے قبل باقاعدہ بریفنگ دی جاتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کورونا کی وبا کے باعث بیرون ممالک کے عازمین کے لیے دو سال بعد حج بحال ہوا ہے۔ پاکستان سے حجاج سعودی عرب پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور اب تک 7 ہزار سے زائد حجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
حجاج کی سعودی عرب روانگی سے قبل پاکستان کے مختلف شہروں میں قائم حاجی کیمپس میں زائرین کو تربیت دی جا رہی ہے جس میں حج کے فرائض کی ادائیگیوں، سفر کے دوران ضروری اقدامات اور تمام جائز اشیا کی فہرست بھی فراہم کی گئی ہے۔
حج ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد کے ڈائریکٹر حسیب احمد صدیقی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’حاجی کیمپ میں حجاج کو تربیت دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کون سی اشیا ساتھ لے کر جانی چاہییں۔‘
حسیب احمد کے مطابق ’سفر حج کے دوران کم سے کم سامان ساتھ لے کر جانا چاہیے جو باآسانی ساتھ رکھا جاسکے، بالخصوص زائد عمر کے حجاج جتنا کم سامان ساتھ لے کر جائیں گے اتنی ہی آسانی ہوگی کیونکہ وہاں عام رہائش کی طرح رہائش نہیں ہوتی اور جگہ کی بھی کمی ہوتی ہے اس لیے ہر حاجی کو یہ بتایا جاتا ہے کہ کم سے کم سامان رکھا جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حجاج سفری دستاویزات کے لیے اپنے ساتھ ایک چھوٹا بیگ رکھیں۔ اس کے علاوہ احرام کے دو جوڑے بھی رکھیں اور ویسے پہننے کے لیے کپڑوں کے چار جوڑے ساتھ لے کر جائیں۔‘
حسیب احمد کے مطابق ’ایسا بیگ ساتھ رکھیں جو زیادہ بڑا بھی نہ ہو اور جس میں سارا سامان بھی پورا آجائے۔‘
’اس کے علاوہ چھتری، جوتے اور پانی کی بوتل ساتھ لازمی رکھیں تاکہ ڈی ہائیڈریشن کا شکار نہ ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ حج سے متعلق تربیت کے دوران ضروری اشیا کے حوالے سے باقاعدہ بریفنگ کے ساتھ ایک کتابچہ بھی فراہم کرتے ہیں جس میں ضروری اشیا کی ایک فہرست دی جاتی ہے تاکہ حجاج کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔