Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی سعودی عرب سے واپسی پر کون سی اشیا ساتھ لے کر جاتے ہیں؟

ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ حج اور عمرہ سیزن میں سب سے زیادہ طلب کمبلوں کی ہوتی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
ایک زمانہ تھا جب سعودی عرب سے اپنے ملک جانے والا ہر پاکستانی احباب کی فرمائش پر اپنے ساتھ کم از کم تین سے چار موبائل سیٹ لے کر لازمی جاتا تھا۔ مگر اب صورتحال قدرے مختلف ہو چکی ہے اب یہاں سے موبائل فون لے جانے کا رواج ختم ہو چکا ہے جس کی وجہ پاکستان میں موبائل فونز پر لگنے والا ٹیکس ہے۔
پاکستان سے آنے والے عمرہ زائرین اور عازمین حج واپسی پر کھجور اور آب زم زم کے علاوہ کمبل لازمی لے جاتے ہیں۔
اس بارے میں ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ حج اورعمرہ سیزن میں سب سے زیادہ طلب کمبلوں کی ہوتی ہے۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی اولین ترجیح سونے کے زیورات ہیں جنہیں نہ صرف عمرہ زائرین، عازمین حج بلکہ یہاں رہنے والے خاندان لازمی طور پر خریدتے اور ساتھ لے جاتے ہیں۔
گزشتہ 20 برس سے مملکت میں مقیم احمد علی نے بتایا سعودی عرب میں طویل عرصہ سے قیام کے دوران میں ہر برس پاکستان جاتا ہوں۔ اگرچہ اہل خانہ کو ہر وہ چیز فراہم کر دی ہے جن کی انہیں خواہش تھی مگر جب بھی جاتے ہیں کوئی نہ کوئی فرمائش لازمی ہوتی ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق پاکستانی وطن جانے سے قبل نیشنل کی استری (بھاری والی) کمبل اور جوسر لازمی لیتے ہیں۔
کمبلوں کے حوالے سے ایک اور دکاندار کا کہنا تھا کہ موسم گرمی کا ہو یا سردی کا پاکستان جانے والے لازمی طور پر اپنے ساتھ کم از کم دو کمبل لے جاتے ہیں۔ 

جدہ سے جانے والی فلائٹس کے اکثر مسافروں کے ہاتھوں میں البیک بروسٹ کے ڈبے دیکھے جاتے ہیں۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

ایک تارک وطن کا کہنا تھا ’یہاں فروخت ہونے والے کمبل اچھے اور نسبتا سستے ہوتے ہیں اس لیے ساتھ لے جاتے ہیں۔ کمبلوں کی ضرورت ہمیشہ ہوتی ہے ایک برس میں کمبل پرانے ہو جاتے ہیں جبکہ شادی بیاہ کے موقع پر بھی یہ دینے پڑتے ہیں۔‘
ایسے افراد جو تعمیرات کے شعبے سے تعلق رکھتے ہیں وہ ڈرل مشین اور ٹولز بکس لے جاتے ہیں۔
ایک وقت تھا جب وطن جانے والے ہر شخص کے سامان میں کم از کم دو ایمرجنسی لائٹس ہوا کرتی تھیں مگر اب کیونکہ یہ لائٹس پاکستان میں چین سے براہ راست درآمد ہونا شروع ہو گئی ہیں اس لیے ان کی طلب کم ہو گئی مگر جاپان کی بنی ہوئی لائٹس جو نسبتا مہنگی ہیں ان کی طلب بدستور برقرار ہے۔
خواتین کا فوکس زیادہ مشہور برانڈز کے میک اپ کا سامان ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ پرس بھی خواتین کی پسندیدہ اشیا میں شامل ہے جو وہ تحفے میں دینے کے لیے بھی خریدتی ہیں۔

مارکیٹ سروے کے مطابق پاکستانی وطن جانے سے قبل نیشنل کی استری (بھاری والی) کمبل اور جوسر لازمی لیتے ہیں۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

وہ افراد جو سعودی عرب میں مقیم تھے اور اب پاکستان منتقل ہو گئے ہیں ان کی اپنے دوستوں یا عزیزوں سے ایک ہی فرمائش ہوتی ہے وہ ہے ’البیک‘ (سعودی عرب کا معروف چکن بروسٹ برانڈ)۔ جدہ سے جانے والی فلائٹس کے اکثر مسافروں کے ہاتھوں میں البیک بروسٹ کے ڈبے دیکھے جاتے ہیں جو وہ جہاز میں سوار ہوتے ہی جہاز کے عملے کو امانت کے طور پر رکھوا دیتے ہیں۔

شیئر: