داخلی عازمین کےلیے حج رجسٹریشن کا وقت ختم، ای قرعہ اندازی ہوگی
اب تک 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں( فوٹو ٹوئٹر )
سعودی عرب میں داخلی عازمین کےلیے حج درخواستیں دینے کے لیے مقرر وقت ختم اتوار کو ختم ہوگیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اندرون مملکت سے حج کی درخواستیں دینے کا وقت ختم ہونے پر امیدواروں کا اعلان کسی وقت کردیا جائے گا۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ تین لاکھ 90 ہزار سے زیادہ سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں نے اندرون مملکت سے حج درخواستیں دی ہیں۔
اس سے قبل ڈپٹی سیکیرٹری حج انجینیئر ھشام سعید نے کہا تھا کہ’ وزارت حج وعمرہ نے اندرون مملکت سے اس سال حج کے خواہشمند افراد کے لیے درخواستیں دینے کے وقت میں اتوار 12 جون رات بارہ بجے تک توسیع کی ہے‘۔
’ رات بارہ بجے تک توسیع اندرون مملکت عازمین کو مزید موقع دینے کےلیے کی گئی‘۔
ھشام سعید کا کہنا تھا کہ ’جن سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی درخواستیں حج کے لیے منظور ہوں گی انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کردیا جائے گا۔ اڑتالیس گھنٹے کے اندر بتا دیا جائے گا کہ کس پیکیج کی کتنی رقم انہیں جمع کرانی ہے‘۔
اندرون مملکت سے ڈیڑھ لاکھ سعودیوں اور غیرملکیوں کو حج کا موقع دیاجائے گا۔ 170 کمپنیاں اور ادارے داخلی عازمین کو حج کرائیں گے۔
وزارت حج کا کہنا ہے کہ ’عازمین حج کا انتخاب الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ ترجیح ان داخلی عازمین کو دی جائے گی جو ’امیون‘ ہوں گے اور انہوں نے ماضی میں حج نہیں کیا ہوگا‘۔
وزارت حج و عمرہ نے اس سال اندرون مملکت سے حج کے لیے کئی شرائط مقرر کی تھیں، جن میں کہا گیا کہ وہی سعودی اور مقیم غیرملکی اس سال اندرون ملک سے حج کرسکتے ہیں جن کی عمر 65 برس سے زیادہ نہ ہو اور توکلنا ایپ میں ان کا ریکارڈ امیون کا ہو۔
وزارت حج وعمرہ نے اس سال اندرون ملک سے حج کے لیے تین پیکیج متعارف کرائے ہیں جن میں ’منی ٹاورز‘ ، ’ضیافیہ ون ‘ اور ’ضیافہ ٹو‘ شامل ہیں۔
منی ٹاورز کا پیکیج 14 ہزار737 ریال تھا جو 794 ریال کمی کے بعد 13 ہزار 943 ریال کردیا گیا ہے جبکہ ’ضیافہ ون‘ پیکیج کی قیمت 13 ہزار ریال تھی اسے کم کرکے 11 ہزار 970 ریال کیا گیا ہے۔ تیسرے پیکیج ’ضیافہ ٹو‘ کو 10 ہزار 238 ریال سے کم کرکے 9 ہزار 98 ریال کیا گیا ہے۔
واضح رہے اس سال اندورن مملکت سے حج کے لیے جانے والوں کو منی، مزدلفہ اورعرفات میں جو خیمے فراہم کیے گئے ہیں ان میں عصرحاضر کی تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ ضیافہ پیکیج کے لیے جو خیمے تیار کیے گئے ہیں وہ ہوٹل کے کمروں کی طرح ہیں ہرخیمے میں حجاج کی سہولت کا پورا خیال رکھا گیا ہے۔