کورونا وبا کے باعث مسجد خیف کو دو سال سے نہیں کھولا گیا تھا ( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کی خصوصی کمیٹی نے کہا ہے کہ اس سال منی میں مسجد الخیف عازمین حج کے لیے باقاعدہ کھولی جائے گی۔
دو سال سے کورونا وبا اور محدود حج کے باعث مسجد خیف کو نہیں کھولا گیا تھا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت اسلامی امور کی کمیٹی نے بتایا کہ 8 ذی الحجہ اور پھر 10، 11، 12 اور 13 ذی الحجہ کو حجاج مسجد الخیف میں نماز اور دیگر عبادات کریں گے۔ ان کی آسانی کے لیے تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے بتایا کہ مسجد الخیف میں نئے کارپٹ بچھائے گئے ہیں۔ صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام مکمل کردیا گیا۔ ایئرکنڈیشنز اور روشنی کا انتظام مکمل ہے۔ حج آگہی کے کاؤنٹر اور فتوی کیبنز کا انتظام کیا گیا ہے۔ سکرینز کی تعداد بڑھا ئی گئی ہے۔صفائی کمپنیوں کو چوبیس گھنٹے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے مسجد الخیف میں تاریخ کی سب سے بڑی توسیع 1407ھ میں کرائی تھی۔ اس کا رقبہ 23 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے۔ اس میں 25 ہزار افراد کے لیے نماز کی گنجائش ہے۔