ایمازون میں لاپتہ برطانوی صحافی اور ساتھی کے ’قتل‘ کا انکشاف
ایمازون میں لاپتہ برطانوی صحافی اور ساتھی کے ’قتل‘ کا انکشاف
جمعرات 16 جون 2022 6:58
پولیس کے مطابق دونوں افراد کو آخری بار کشتی پر سفر کرتے دیکھا گیا تھا (فوٹو: روئٹرز)
برازیل میں پولیس کی تفتیشی ٹیم نے کہا ہے کہ ایک مشتبہ شخص نے ایمازون کے علاقے میں لاپتہ ہونے والے برطانوی صحافی اور مقامی شخص کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
خبر رساں اداے اے پی کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم پولیس افسران کو اس مقام پربھی لے کر گیا جہاں لاشوں کو دفن کیا گیا تھا۔
پولیس افسران نے منوس میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کیس کے مرکزی ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے اور بتایا ہے کہ پانچ جون کو لاپتہ ہونے والے دونوں افراد کے ساتھ کیا ہوا۔
فیڈرل انویسٹی گیٹر ایڈوارڈو الیگزینڈر فونٹس کے مطابق 41 سالہ اماریلڈو ڈا کوسٹا اولیوریا عرف پیلاڈو نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے مقامی شخص برونو پریرا اور برطانوی فری لانس صحافی ڈوم فلپس کو قتل کرنے کے لیے آتشیں اسلحہ استعمال کیا۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ بدھ کو ملزم کی نشاندہی پر پولیس اس مقام پر پہنچی جہاں لاشوں کو دفن کیا گیا تھا اور وہاں سے مرنے والوں کی باقیات برآمد کی گئیں۔
’ہم نے باقیات شہر سے تین کلومیٹر لکڑیوں کے ایک ذخیرے سے برآمد کیں، تاہم ابھی تک حتمی طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔‘
تفتیشی افسران کا کہنا تھا کہ ’اس کیس میں ملوث دیگر افراد کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔‘
ریاست امازونس کے پولیس حکام کے مطابق لاپتہ ہو جانے والے افراد کی کشتی ابھی تک نہیں ملی ہے تاہم پولیس کو اس علاقے کا علم ہو چکا ہے جہاں ملزموں نے اسے چھپا رکھا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ’انہوں نے کشتی میں کوڑے کے بڑے بڑے تھیلے رکھ دیے تھے جس کے باعث وہ ڈوب گئی تھی۔‘
41 سالہ پریرا اور 57 سالہ فلپس کو آخری بار جویری وادی میں دریا میں کشتی پر سفر کرتے دیکھا گیا تھا۔ اس علاقے کی سرحدیں پیرو اور کولمبیا کے ساتھ لگتی ہیں، اس علاقے میں مچھیروں، شکاریوں اور سرکاری ایجنٹوں کے درمیان جھگڑوں میں پرتشدد واقعات بھی ہوتے رہے ہیں۔
مذکورہ افراد کے لاپتہ ہو جانے کے بعد معلومات اس وقت سامنے آنا شروع ہوئیں جب شک کی بنا پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح منگل کو پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ واقعے سے تعلق کے شبے میں ایک اور ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی شناخت اونیا دی کوسٹا اولیوریا کے نام سے ہوئی اور جس کی عمر 41 سال ہے، جو کہ مچھیرا ہے اور پیلاڈو کا بھائی ہے۔
پیلاڈو پہلے ہی مرکزی ملزم کے طور پر گرفتار کیا جا چکا تھا۔