وزیر ٹرانسپورٹ کا مشاعر ریلوے سروس کے انتظامات کا جائزہ
وزیر ٹرانسپورٹ کا مشاعر ریلوے سروس کے انتظامات کا جائزہ
جمعہ 17 جون 2022 12:11
حج کے حوالے سے مشاعر ریلوے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی (فوٹو، ایس پی اے)
وزیرٹرانسپورٹ ولاجسٹک سروسز ، سعودی ریلوے ’سار‘ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین انجینئرصالح بن ناصرالجاسر نے امسال حج سیزن کےلیے مشاعرمقدسہ ٹرین سروس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیرٹرانسپورٹ کو رواں برس حجاج کو فراہم کی جانے والی مشاعر مقدسہ شٹل ٹرین سروس کی خدمات کی تیاری کے بارے میں تفصیلی طورپرمطلع کیا گیا۔
اس موقع پر’سار‘ کے سی ای اوڈاکٹربشار المالک اوردیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیر کے ہمراہ آنے والے وفد نے مشاعرمقدسہ ریلوے سروس کا تفصیلی جائزہ لیا جس میں ریلوے کے ڈبے، کنٹرولنگ روم اور ورکشاپ شامل تھی۔
مشاعرریلوے سے حجاج کرام کوکافی سہولت ہوتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزیر ٹرانسپورٹ کو مشاعرمقدسہ ریلوے سروس کے آپریشنل پروگرام کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا جس کے مطابق ریلوے سروس کا آغاز 7 ذوالحجہ سے کیا جانا ہے۔ وقوف عرفہ یعنی 9 ذوالحجہ کی صبح حجاج کرام کو منی سے عرفات منتقل کرنا اوروہاں سے مزدلفہ اس کے بعد دوبارہ منی لانا شامل ہے۔
اس موقع پروزیرٹرانسپورٹ الجاسر نے ریلوے سروس کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا مشاعر مقدسہ ٹرین سروس کے ذریعے حجاج کی نقل وحرکت انتہائی تیز رفتار انداز میں ہوتی ہے اور حجاج کرام کو باسانی منی سے عرفات اوروہاں سے مزدلفہ بعدازاں منی میں منتقل کیاجاتا ہے۔