پاکستان کے موجودہ معاشی صورتحال اور سعودی حکومت کے تعاون کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سعودی سفیر نے بتایا کہ ‘آئندہ ہفتے سعودی عرب سے ایک وفد اسلام آباد پہنچے گا اور یہاں مختلف شہروں میں ملاقاتیں کی جائیں گی۔ سرمایہ کاروں کا یہ وفد لاہور، کراچی،سیالکوٹ اور فیصل آباد کا دورہ کرے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔‘
پاک سعودی جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے میاں محمود نے اس حوالے سے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سعودی عرب سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کریں گے اور ایک بڑے عرصے بعد سعودی عرب کا تجارتی وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ‘اس وفد میں خوراک، تعمیراتی شعبے اور فارماسوٹیکل کمپنیز کے لوگ شامل ہوں گے جو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مخلتف چیمبرز آف کامرس سے ملاقاتیں کریں گے۔‘
سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے میں کمرشل سیکشن کے وزیر برائے تجارت و سرمایہ کاری اظہر علی داہر نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ تین سال کے وقفے کے بعد سعودی عرب کی نامور کمپنیوں کا 30 رکنی وفد آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بزنس کونسل کا وفد 20 جون کو پاکستان پہنچے گا اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں کا جائزہ لینے کے علاوہ اہم معاہدے بھی کرے گا جبکہ سی پیک میں سرمایہ کاری کے امور کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کرے گا۔‘
وزیر برائے تجارت و سرمایہ کاری اظہر علی داہر کے مطابق اس دورے میں مختلف شعبوں میں تجارت کے حوالے سے معاہدے کیے جائیں گے جس سے ’پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا اور پاکستان کی معیشت پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔‘