ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے لیے سکائی ٹریکس ایوارڈ
سب سے زیادہ بہتر ایئر پورٹ‘ کا اعزاز حاصل کیا ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے سکائی ٹریکس 2022 ورلڈ ایئر پورٹ ایوارڈز میں 'سب سے زیادہ بہتر ایئر پورٹ‘ کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ایوارڈز دنیا بھر کے 550 سے زیادہ ایئر پورٹس پر خدمات اور سہولتوں کے بارے میں صارفین کے تجزیے کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں واقع کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے ’سب سے بہتر ایئر پورٹ‘ کا خطاب جیتنے کے علاوہ سکائی ٹریکس کے ’ورلڈ ٹاپ 100 ایئر پورٹس‘ میں بھی 29 واں مقام حاصل کیا ہے۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے 2021 میں 58 ویں درجے سے اس سال 29 درجے ترقی کی ہے۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو مشرق وسطیٰ کے 10 ایئر پورٹس کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے مشرق وسطیٰ میں بہترین ایئرپورٹ عملہ رکھنے کے حوالے سے بھی تیسرا نمبر بھی حاصل کیا ہے۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا انتظام اورآپریٹ کرنے والی ریاض ایئر پورٹس کمپنی کے سی ای او محمد المغلوت نے کہا کہ ’یہ سنگ میل وژن 2030 کی خواہشات اور قومی ایویشن کی حکمت عملی کے لیے ہماری جاری وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔‘
دوحہ کا حمد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 'ورلڈ ٹاپ 100 ایئرپ ورٹس‘ کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد ٹوکیو کا ہنیدہ ایئر پورٹ اور سنگاپور کا چانگی ایئر پورٹ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔