پاکستان سے مذاکرات جاری، بجٹ پر اہم پیش رفت ہوئی ہے: آئی ایم ایف
پاکستان کے وفد وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی قیادت میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کیے۔ فائل فوٹو: سکرین گریب
پاکستان میں بین الاقوامی مانیٹری فنڈ (ٓآئی ایم ایف) کی نمائندہ ایستھر پیریز نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات میں اگلے سال کے بجٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
بدھ کو صبح آئی ایم ایف پاکستان کی نمائندہ نے کہا کہ ’آئی ایم ایف کے عملے اور حکام کے درمیان آنے والے سال میں میکرو اکنامک استحکام کو مضبوط بنانے کی پالیسیوں پر بات چیت جاری ہے، اور مالی سال 2023 کے بجٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کا وفد وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی قیادت میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہا ہے۔
قبل ازیں پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام اور ایندھن کی سبسڈی ایک ساتھ جاری نہیں رکھی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم ایک وقت میں آئی ایم ایف پروگرام اور ایندھن کی سبسڈی نہیں رکھ سکتے۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافہ اور عمران خان کی اپنی حکومت کو بچانے کے لیے ہماری معیشت کو برباد کر کے دی گئی غیر فنڈڈ سبسڈی ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں جبکہ مقامی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران ہونے والے اضافے سے پاکستان میں مہنگائی بڑھی ہے اور عام لوگوں کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے۔