Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 السعودیہ کے لیے بچوں کو بہترین سہولت دینے پر ایوارڈ

الفرسان لاؤنجز میں بچوں کے پسند کے خاص قسم کے کھانے فراہم کئے جاتے ہیں۔ فوٹو السعودیہ
سعودی عربین ایئرلائنز 'السعودیہ' نے فلائٹ پربچوں کی ضرورت اور تفریحی اشیاء سے بھرے بیگ فراہم کرنے کا کینیڈا کے ممتاز تجارتی میگزین Pax کی جانب سے ایوارڈ جیت لیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق السعودیہ اپنی تمام  بین الاقوامی پروازوں پر سوار بچوں کے لیے تفریحی 'گوڈی بیگ'  تحفے کے طور پر پیش کرتی ہے۔

ائیرلائنز کو کینیڈا کے ممتاز تجارتی میگزین Pax کی جانب سے اعزاز ملا ہے۔ فوٹو السعودیہ

کینیڈا کے میگزین کی جانب سے دیا جانے والا یہ ایوارڈ  سعودی عرب کی قومی ائیر لائنز کو حالیہ برسوں اپنے مسافروں کو تحفے کے طورپر پیش کی جانے والی مختلف قسم کی اشیاء اور خدمات کےاعزاز میں ملا ہے۔
ائیر لائنز کے مسافر بچوں کو پیش کئے جانے والےخاص بیگ میں محفوظ اور ماحول دوست مواد سے بنی ہلکی پھلکی اشیاء اور کھلونے موجود ہوتے  ہیں۔
بیگ میں موجود مختلف  قسم کی ہلکی پھلکی اشیاء میں مختلف کرداروں سے متعلقہ کارٹون، رنگین سٹکرز اور دیگر مواد سے مسافر بچے  لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ رنگ بھرنے والی کتابیں، سفر کے دوران سونے کے لیے آنکھوں پر لگانے والا ماسک اور آواز کو محدود رکھنے کےلیے ہیڈ فون بھی بیگ میں موجود ہوتے ہیں۔

السعودیہ بچوں کے لیے تفریحی 'گوڈی بیگ' کا تحفہ پیش کرتی ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

السعودیہ کے مسافروں کے لیے ائیرپورٹس پر الفرسان لاؤنجز میں بچوں کے خاص قسم کے کھانے، بچوں کے لیے مخصوص پرواز میں تفریح اور کھیل کے لیے ایک حصہ محفوظ کیا گیا  ہے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کی قومی ائیرلائنز 'السعودیہ' اپنے مسافروں کے لیے سفری انتظامات مزید بہتر بنا رہی ہے جس میں ہوائی اڈوں پر سامان کی چیکنگ کے طریقہ کار کے دوران زیادہ رش  اور طویل انتظار کی زحمت سے ممکنہ حد تک محفوظ رکھا جا سکے۔
سعودی ایئرلائن بین الاقوامی پروازوں میں سفر کرنے والے حجاج کے لیے سامان کی ترسیل کی نئی خدمت پیش کر رہی ہے۔
اس خاص سہولت میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوٹلوں یا دیگر رہائش گاہوں سےحجاج کی روانگی سے 24 گھنٹے قبل ان کا  سامان لے کر اسے متعلقہ ایئرپورٹ کے سامان ترسیل کے مرکز  تک پہنچانا شامل ہے۔

قومی ائیرلائنز حجاج کو سامان کی ترسیل کی نئی خدمت پیش کر رہی ہے۔ فوٹو السعودیہ

قبل ازیں سعودی ائیرلائنز نے 2022 کے اپنے پروگرام میں مملکت سے چار مزید نئی منزلوں کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
معاہدے کے مطابق سعودی ایئرلائنز ریاض سے سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ اور جدہ سے سپین کے شہر بارسلونا کے درمیان براہ راست پروازیں چلائے گی جب کہ دو مزید نئے مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
 

شیئر: