Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سڈنی میں دو سعودی خواتین اپنی رہائش پر مردہ پائی گئیں، تحقیقات کا آغاز

سعودی خواتین کی شناخت اور اسباب کے حوالے تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں( فائل فوٹو عرب نیوز)
 آسٹریلیا میں سڈنی میں سعودی عرب کے قونصلیٹ نے اپنی رہائش پرمردہ پائی جانےوالی دو سعودی خواتین کی موت کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔
مرنے والی سعودی خواتین کی شناخت اور موت کے اسباب کے حوالے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
سعودی قونصلیٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ’ آسٹریلیا کی وزارت خارجہ و تجارت اور سڈنی پولیس نے ایک رپورٹ میں اپنی رہائش پر دو سعودی خواتین کی موت کے حوالے سے قونصلیٹ کو آگاہ کیا ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سڈنی میں سعودی قونصلیٹ نے ملک کی قیادت کی ہدایت کے مطابق فوری طور پر آسٹریلیا کے متعلقہ اداروں سے رابطے کرکے افسوسناک واقعے کے اسباب دریافت کرنے کی کوشش کی۔
متعلقہ حکام سے درخواست کی گئی کہ ’پہلی فرصت میں سعودی خواتین کی موت کے اسباب کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات کے نتائج سے آگاہ کیا جائے‘۔
آسٹریلیا میں سعودی قونصلیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آسٹریلیا کے متعلقہ حکام کے ساتھ سعودی خواتین کی موت کے معاملے کے حقائق جاننے کے لیے رابطے میں رہیں گے۔
سعودی قونصلیٹ نے سعودی خواتین کی موت پر ان کے خاندان سے رنج و ملال اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ 

شیئر: