Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے مزید سات علاقوں میں انہدام کی کارروائی کا آغاز

حکام نے 32 غیر منظم محلوں کے مکمل انہدام کا فیصلہ کیا ہوا ہے(فائل فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں جدہ کمشنری کے حکام نے مقررہ شیڈول کے مطابق عید الفطر کے بعد بنی مالک، الورود، مشرفہ، الجامعہ، الروابی، العزیزیہ اور الرحاب میں انہدام کی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق جدہ میں کچی بستیوں کے انہدام اور تعمیر نو پر مامور کمیٹی نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ کئی محلوں میں عمارتیں خالی کرنے، بجلی، پانی اور ٹیلیفون جیسی سہولتوں کے کنکشن کاٹنے اورانہدام کی کارروائی شروع کرنے کی تاریخیں تبدیل کی گئی ہیں۔
 المنتزھات، قویزہ، العدل والفضل، ام السلم، کلو 14 شمالی محلوں کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی تھی۔ دیگر علاقوں کے باشندوں کو جلد مطلع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ جدہ کے حکام نے 32 غیر منظم محلوں کے مکمل انہدام کا فیصلہ کیا ہوا ہے ان میں سے 20 محلوں کے انہدام کی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے باقی 12 محلوں کے حوالے سے کارروائی جاری ہے۔
اس سے قبل جدہ میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقمی نے کہا تھا کہ ’شہر کے ان تمام علاقوں کو جنہیں منہدم کرنا ہے کے منصوبے پر شیڈول کے مطابق عمل درآمد جاری ہے۔ سال کے آخرتک تمام مکانوں اورعمارتوں کے انہدام کا کام مکمل ہو جائے گا۔‘
 ترجمان بلدیہ کا کہنا تھا کہ ’عمارتوں کو گرانے کے بعد دوسرا مرحلہ ملبے کی صفائی کا ہوتا ہے جو انتہائی منظم انداز میں کیا جا رہا ہے۔‘
 ترجمان نے بتایا تھا کہ ’ملبے سے برآمد ہونے والی اشیا جن میں لوہا، ایلومینیم اور دیگر اشیا شامل ہیں، انہیں ری سائیکل کیا جائے گا جبکہ ایسا ملبہ جو ری سائیکلنگ میں استعمال نہیں ہوتا انہیں بلدیہ کے یارڈ میں حفاظتی اصولوں کے مطابق تلف کیا جائے گا۔‘

شیئر: