Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوٹلی ستیاں سے نیو مری اور بستال موڑ سے پنڈی پوائنٹ تک کیبل کار چلانے کا منصوبہ

وزیراعظم شہباز شریف نے مری میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی (فوٹو: وزیراعظم آفس)
وزیراعظم شہباز شریف نے مری میں سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کی سہولت کے لیے کوٹلی ستیاں سے پتریاٹہ (نیو مری) اور بستال موڑ سے پنڈی پوائنٹ تک کیبل کار چلانے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعرات کو دورہ مری کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے شہر کے لیے پانی کی فراہمی کے لیے جلد سے جلد منصوبہ بندی کرنے اور لنک روڈز کی تعمیر نو کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے مری میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا کام تیز اور نیو مری کے لیے ایسا ترقیاتی پلان تیار کرنے کے احکامات دیے جس سے علاقے کی خوب صورتی نہ صرف برقرار رہے بلکہ اس میں مزید اضافہ ہو۔ 
انہوں نے مری میں ہسپتال کی تعمیر کے رکے ہوئے کام کو دوبارہ شروع کرنے اور روات گاؤں کے ہائی سکول کو ہائر سکینڈری سکول کا درجہ دینے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔
اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر ناقص تعمیراتی کام کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس کی تعمیر نو اور اس کے زمینی کٹاؤ اور لینڈسلائیڈنگ سے بچاؤ کا کام ہزارہ موٹروے کی طرز پر کیا جائے۔
شہباز شریف نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو اسلام آباد مری ایکسپریس وے کے لیے جیو ٹیک کنسلٹنٹ رکھنے اور یہاں جدید طرز کی تمام سہولیات کے حامل ریسٹ ایریاز تعمیر کرنے کے احکامات بھی دیے۔ 
وزیراعظم نے مری شہر میں غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں سروے کروانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر حکام کی جانب سے وزیراعظم کو اسلام آباد مری ایکسپریس وے کے زمینی کٹاؤ اور لینڈسلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات سے بچاؤ کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

شیئر: