ماہرموسمیات عبدالعزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت میں حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ 8 جولائی جمعہ کے روز جبکہ عید الاضحی سنیچر9 جولائی کو متوقع ہے۔
عاجل نیوز نے ماہرموسمیات الحصینی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ فلکیاتی اعتبار سے ذوالحجہ کا چاند 29 جون کو دکھائی دینے کی امید ہے اس حساب سے ذوالحجہ کی پہلی تاریخ بروز جمعرات 30 جون کو ہو سکتی ہے۔
الحصینی نے مزید کہا کہ تاہم حتمی تاریخ کے تعین کا اعلان سپریم کورٹ کو موصول ہونے والی رویت ہلال کی شہادتوں کے بعد ہی کیا جائے گا۔
واضح رہے سعودی عرب میں رویت ہلال کے لیے شہادتوں کا اصول متعین ہے علاوہ ازیں مقررہ فلکیاتی کمیٹی کی جانب سے بھی چاند دیکھنے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔