ایمپائر ساتھ ہونے کے باوجود انہیں شکست دیں گے: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن جانبدار ہے اس پر کسی کو اعتبار نہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’یہ ایمپائر کو ساتھ ملا کر جیت سکتے ہیں اور ہم ایمپائر ساتھ ہونے کے باوجود انہیں شکست دیں گے۔‘
اتوار کو لاہور پی پی 158 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا اپنے ورکرز سے کہنا تھا کہ ’ضمنی الیکشن میں پیسہ چل رہا ہے، لیکن آپ گھر گھر جا کر قوم کو جگائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن جانبدار ہے اس پر کسی کو اعتبار نہیں۔ الیکشن کمیشن کو کہہ رہا ہوں کہ پورا ملک ضمنی الیکشن کو دیکھ رہا ہے۔‘
عمران خان کا موجودہ حکومت کے بارے میں کہنا تھا کہ ’انہوں نے دو مہینے میں وہ مہنگائی کی ہے جو ہم نے ساڑھے تین سال میں نہیں کی۔ ہمیں پتا ہے کہ جو آئی ایم ایف کہے گا یہ وہ کریں گے۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’یہ لوگ امریکہ کے بوٹ کی پوجا کرنے والے ہیں۔ امریکہ کے غلاموں اور ڈاکوؤں کو شکست دینی ہے۔‘
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 17 جولائی کو ہوگی۔
اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی چار تا سات جون تک جمع کروائے جا سکیں گے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون تک کی جائےگی جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 24 جون کو جاری کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے 20 اراکین کو ڈی سیٹ کیا گیا تھا، جو اب حکمران اتحاد کی حمایت سے میدان میں اتریں گے۔