Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنی گالہ میں ’جاسوسی آلات نصب کرنے والا‘ ملازم پکڑا گیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ میں مبینہ طور پر جاسوسی آلات نصب کرنے میں ملوث ملازم کو نوکری سے نکال دیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق وہ معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
اتوار کو پاکستان تحریک انصاف نے بنی گالا کے ایک ملازم کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جسے ملازمت سے نکال دیا گیا ہے۔
عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے اپنی ایک ٹویٹ اور یوٹیوب ویڈیو میں بتایا کہ ’‏عمران خان کے کمرے میں جاسوسی ڈیوائس لگوانے کی کوشش نا کام بنا دی گئی ہے۔ ملازم کو عمران خان کے کمرے میں ڈیوائس لگوانے کے لیے پیسے دیے گے۔ بنی گالہ کی سکیورٹی نے ملازم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔‘
 بعد ازاں شہباز گل بنی گالہ میں رپورٹرز کی موجودگی میں ایک شخص کو سر پر کپڑا ڈال کر لائے اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 'ملازم کو ایک ایجنسی نے 50 ہزار روپیہ دیا اور آئندہ بھی خرچہ دینے کا کہا۔‘
‘اس ملازم کی عمران خان کے کمرے تک رسائی نہیں تھی اس کیے اس کو ٹاسک دیا گیا تھا کہ وہ کسی ایسے ملازم کو انگیج کرے جس کو عمران خان کے کمرے تک رسائی ہو۔ اسی کوشش میں یہ پکڑا گیا۔‘
شہباز گل نے اس موقع پر ایک ڈیوائس بھی میڈیا کو دکھائی جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پاسورڈ پروٹیکٹڈ ڈیوائس ہے جس میں انتہائی حساس مائیک ہے جو کمرے میں ہونے والی گفتگو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
شہباز گل نے میڈیا کی موجودگی میں بنی گالہ سے مبینہ شخص کو سر پر کپڑا ڈال کر نکالا۔
اطلاعات کے مطابق پکڑے گئے ملازم کو ایک صحافی کی گاڑی میں بٹھا کر نکالا گیا تاکہ پولیس اسے ہکڑ نہ سکے۔
تاہم پولیس نے بنی گالہ سے نیچے اترنے کے بعد اسے گاڑی سے نکال کر تحویل میں لے لیا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ 'اے آر وائی کے رپورٹر نے ایک شخص کو پولیس کے حوالے کیا جو ٹھیک طرح سے بات نہیں کرسکتا جس کی وجہ سے اس شخص کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی۔‘
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کی جسمانی اور دماغی حالت جاننے کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کروایا جائے گا۔
’‏اطلاعات کے مطابق شخص کو کل سے بنی گالہ ہاؤس میں گرفتار رکھا گیا تھا۔اس کیس میں  رپورٹر کی طرف سے کوئی شواہد یا تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ تاہم پولیس تفتیش کررہی ہے، جلد اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔‘
23  سالہ شخص گزشتہ چھ سال سے عمران خان کا گھریلو ملاززم تھا جسے 25 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ملتی تھی۔

شیئر: