Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس نے صدر بائیڈن کی اہلیہ اور بیٹی کا نام سٹاپ لسٹ میں شامل کر دیا

روس کی نئی ’سٹاپ لسٹ‘ امریکی یونیورسٹیوں کے کچھ پروفیسرز کے علاوہ سابق حکومت کے عہدے داروں کے نام بھی شامل ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
روس نے امریکی صدر جوبائیڈن کی اہلیہ اور بیٹی سمیت 25 اعلیٰ امریکی شخصیات کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان نئی پابندیوں کا اعلان منگل کو روسی وزارت خارجہ نے کیا۔
روسی وزارت خارجہ کی جانب سے ’سٹاپ لسٹ‘ میں شامل افراد کی تفصیل کے ساتھ ایک نوٹ بھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’امریکہ کی جانب سے روس کی سیاسی اور عوامی شخصیات پر تسلسل سے لگائی جانی والی پابندیوں کے ردعمل میں 25 امریکی شہریوں کو سٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔‘
روس کی جانب سے جن افراد پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں سوسان کولن، مک میکونیل ، چارلس گریسلی، کیرسٹین گیلیبرینڈ سمیت کئی امریکی سینیٹرز کے نام شامل ہیں۔
روس کی نئی ’سٹاپ لسٹ‘ امریکی یونیورسٹیوں کے کچھ پروفیسرز کے علاوہ سابق حکومت کے عہدے داروں کے نام بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل سات اپریل کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کی بیٹیوں پر امریکہ کی جانب سے پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
خیال رہے کہ رواں برس 24 فروری سے روس کے یوکرین میں جاری ’خصوصی فوجی آپریشن‘ کے بعد امریکہ اور یورپی ممالک کے روس کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں۔
یورپی ممالک اور امریکہ کی جانب سے روس پر دباؤ ڈالنے کے لیے کئی طرح کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ ہفتے یوکرین کو یورپی یونین میں شمولیت کے لیے بطور امیدوار ملک بھی تسلیم کیا گیا ہے۔
دوسری جانب روسی گیس کی سپلائی میں ممکنہ بندشوں کے پیش نظر مغربی ممالک میں مہنگائی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

شیئر: