Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جزیرہ فرسان:”حرید“مچھلیوں کے سالانہ شکار کا سیزن شرو ع

جازان.... جزیرہ فرسان میں آج سے سالانہ مچھلی کے شکار کا سیزن شروع ہو رہا ہے ۔ بلدیہ کی جانب سے سالانہ میلے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔جزیرے کی معروف مچھلی "حرید"جسے سمندری طوطا بھی کہا جاتا ہے ان دنوں لاکھوں کی تعداد میں بحرہند سے ہجرت کرکے جزیرہ فرسان پہنچ جاتی ہیں ۔ اہلیان فرسان کے لئے یہ سیزن غیرمعمولی ہوتا ہے جس میں شرکت کرنے کےلئے دور دور سے سیاح بڑی تعداد میں جازان اور وہاں سے فرسان پہنچتے ہیں ۔ سبق نیوز کے مطابق حرید مچھلی ان دنوں بحر ہند میں آنے والی بڑی مچھلیوں سے بچ کر جزیرہ فرسان کا رخ کر تی ہے ۔ اس سیزن میں جزیرہ فرسان میں حرید مچھلیوں کی اتنی کثرت ہوتی ہے کہ لوگ ساحل پر کھڑے ہو کر ہاتھوں سے ان مچھلیو ں کو پکڑ کر تھیلیوں میں بھر لیتے ہیں ۔ دریں اثناءجزیرہ فرسان بلدیہ کے نگران محمد جحلان نے سعودی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ بلدیہ کی جانب سے سالانہ میلے میں مملکت کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں لوگ ان دنوں فرسان پہنچتے ہیں تاکہ اس میلے سے لطف اندوز ہو ں اور مشہور مچھلی" حرید " کا شکار بھی کریں ۔ اس ضمن میں بلدیہ کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ میلے میں آنے والوں کی سہولت کے لئے مختلف مقامات پر انتباہی اور معلوماتی بورڈز بھی لگا دیئے گئے ہیں جبکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کےلئے بلدیہ کے اضافی کارکن بھی متعین کئے جاچکے ہیں ۔ میلے میں آنے والوں کی دلچسپی کےلئے سیاحتی کمیٹی کی جانب سے مختلف پروگرامز بھی مرتب کئے گئے ہیں جن کا باقاعدہ اعلان آج کیا جائیگا ۔ مختلف عوامی مقامات پر تفریحی پروگرامز کے انعقاد کی بھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ سیاحوں کے استقبال کے لئے کمیٹیاں بھی مقرر کی جاچکی ہیں ۔ الغدیر ساحل پر تفریح کے لئے آنے والو ںکے بچوں کےلئے مختلف قسم کے جھولوں کی تنصیب اور تزئین کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔جزیرے کی بعض شاہراہوں کی توسیع بھی کی گئی ہے تاکہ سیاحوں کو آسانی ہو۔ نگران بلدیہ نے مزید بتایا کہ جزیرے میں موجود مختلف پارکوں کو بھی بہتر بنایا گیا ہے جن مقامات پر اسٹریٹ لائٹس خراب تھیں انہیں تبدیل کیاجاچکا ہے جبکہ بعض ایسے مقامات پر جہاں لائٹس نہیں تھیں وہاں لائٹیں نصب کی جاچکی ہیں ۔ 
 

شیئر: