قرآن مجید کو سیکھنے اور سمجھنے کی شدید ضرورت ہے، انجینیئر عمران ظہیر
پاک پروفیشنل فورم کے تحت100کے قریب لوگ عربی تلفظ کی کلاسیں لے رہے ہیں
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) قرآنی تعلیمات کے حوالے سے پاک پروفیشنل فورم کی جانب سے ایک تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں اہل ریاض کے اہم افرادکے علاوہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے بھی شرکت کی۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ عبدالوحید نے حاصل کی۔ اس کے بعد پاک پروفیشنل فورم کے صدر انجینیئر عمران ظہیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اس میں زندگی کے تمام امور کا حل موجود ہے لہذا اس کو سیکھنے اور سمجھنے کی نہایت اہم ضرورت ہے۔خصوصاً نماز کے حوالے سے کیونکہ اسلام کے اندر نماز ایک ایسا فرض ہے جو ہر مسلمان پر دن میں 5 مرتبہ لازم ہے۔ قرآن پاک کی تعلیمات اور نماز کی ادائیگی کو سکھانے کے لئے انکا فورم لوگوں کو درس قرآن کی کلاسز کا اجراءکرتا ہے، جس میں اب تک100 کے قریب لوگ عربی تلفظ اور اس اردو مفہوم سمجھنے کے لئے باقاعدہ کلاسز لے رہے ہیں۔ اس حوالے سے فورم کے ٹیچرز بلا معاوضہ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ قرآن پاک کی صحیح تعلیمات موجودہ نسل تک پہنچائی جائیں تاکہ ہماری آئندہ نسلیں بھی کتاب اللہ کی تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔ کورسز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کا فورم اذکار نماز کے ذریعہ 125 ایسے الفاظ سکھائے جاتے ہیں جو قرآن پاک میں 40 ہزار مرتبہ آتے ہیں جبکہ آیات کے ذریعے 140 ایسے الفاظ سکھائے جاتے ہیں جو قرآن پاک میں 15 ہزار مرتبہ آتے ہیں۔ اس کے بعد قرآن پاک کا سمجھنا انتہائی آسان ہو جاتا ہے۔کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے کہا کہ قرآن پاک کی تعلیمات سے مسلمان اہم کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے تخلیق کائنات کے تمام اہم راز اسی میں بتا رکھے ہیں۔ اس لئے قرآن پاک کی تعلیمات کو سیکھنا اور سمجھنا بہت ضروری ہے۔ تقریب سے انویسٹر فورم کے جنرل سیکریٹری انجینیئر غلام صفدر اور تنویر خان نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں مولانا ہمایوں محسود نے دعاکروائی۔