Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خدا حافظ دوستو‘، جرمن سفیر کی اپنے وطن واپسی

پاکستان میں جرمنی کے موجودہ سفیر بیرنہارڈ شلاگ ہیک کا آج ملک میں بحیثیت سفارتکار آخری دن ہے اور وہ آج رات اپنے وطن واپس چلے جائیں گے۔
بیرنہارڈ پاکستان میں سابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی طرح ایک مشہور شخصیت اور اس کی وجہ ان کا عوامی انداز تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں اکثر وہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں عام لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوئے نظر آتے تو کبھی کسی ٹھیلے سے بھل اور سبزی خریدتے ہوئے نظر آتے۔
پاکستان میں بحیثیت جرمنی کے سفیر تین سال گزارنے کے بعد اپنے الواداعی پیغام میں بھی وہ اسلام آباد کی سڑک پر سائیکل چلاتے ہوئے دکھائی دیے۔
اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’خدا حافظ دوستوں، میرا پاکستان میں قیام ختم ہوا۔ اس بہترین ملک میں تین سال بہت جلد گزر گئے۔ سب سے زیادہ ان اچھے لوگوں کا شکریہ جن سے میں یہاں ملا۔‘
اس ویڈیو میں انہوں نے ان تین سالوں میں لی گئی اپنی تصاویر شیئر کیں جس میں ان کا عوامی انداز واضح نظر آرہا تھا۔
الواداعی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’آج میرا اسلام آباد میں آخری دن ہے کیونکہ بطور جرمن سفیر پاکستان میں میرا سفر آج ختم ہورہا ہے اور میں رات کو جرمنی واپس روانہ ہوجاؤں گا۔‘
بیرنہارڈ کا کہنا تھا کہ اگر ان سے پوچھا جائے کہ ان تین سالوں میں پاکستان میں ان کے لیے سب سے زیادہ منفرد کیا چیز تھی تو ’میں بلاجھجک کہوں گا کہ وہ پاکستان کے لوگ ہیں۔ آپ جیسے لوگ، لوگ جن کی سخاوت، جن کی مہمان نوازی، جن کی نرم دلی بے مثال رہی ہے۔‘

شیئر: